نئی دہلی: یوم جمہوریہ سے عین قبل دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے جہانگیر پوری میں چھاپہ مار کر دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ مشتبہ افراد پر ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ دونوں کی شناخت جگجیت سنگھ اور نوشاد کے طور پر ہوئی ہے۔ جگجیت سنگھ کا تعلق اتراکھنڈ کے ادھم سنگھ نگر ہے اور نوشاد دہلی کے جہانگیر پوری کا رہنے والا ہے۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ان کے قبضے سے تین پستول اور 22 زندہ کارتوس بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ ملزم نوشاد کو قتل کے دو مقدمات میں عمر قید کی سزا بھی سنائی جا چکی ہے۔ الزام ہے کہ ملزم جگجیت کا تعلق بمبیہا گینگ سے ہے۔ جگجیت پہلے بھی جیل جا چکا ہے اور پیرول پر باہر آیا تھا۔
مزید پڑھیں:۔ UP ATS Arrests Two Suspects سہارنپور میں دو مشتبہ افراد گرفتار
اس معاملے میں اسپیشل اسٹاف کی ٹیم کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ جہانگیر پوری کے علاقے میں کچھ مشتبہ افراد رہ رہے ہیں جو مبینہ طور پر ملک مخالف سرمیاں انجام دے رہے ہیں۔ جہانگیر پوری کے علاقے میں دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کی ٹیم نے اطلاع کی بنیاد پر ملنے والے ٹھکانے پر چھاپہ مار کر وہاں سے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے قبضے سے کئی اسلحے اور 22 زندہ کارتوس بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ فی الحال پولیس کی تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ 26 سے قبل ملک میں سکیورٹی فورسز مستعد ہوگئی ہیں اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ پر ہیں۔ رواں برس 26 جنوری کو ملک میں 74 واں یوم جمہوریہ منایا جائے گا اور اسی کے پیش نظر ملک میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نبردآزما ہونے کے لئے حکومت نے پولیس اور سکیورٹی فورسز کو الرٹ کر دیا۔ اس سلسلے میں پولیس کی خصوصی ٹیم نے دہلی کے جہانگیر پوری میں چھاپہ مار کر دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔