جموں و کشمیر وقف بورڈ نے حضرت بل درگاہ پر عطیات اور جائیدادوں کے مبینہ غلط استعمال کی تحقیقات کے لئے چار رکنی کمیٹی کی تشکیل دی ہے۔ جموں و کشمیر وقف بورڈ نے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں واقع زیارت شریف حضرت بل کھرم میں بے ضابطگیوں، فنڈز اور جائیدادوں کے غلط استعمال کے الزامات کی تحقیقات کے لئے ایک چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے اور اسے تین ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے۔ Hazratbal Shrine Misappropriation Case
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر وقف بورڈ کو 2015 میں حکومت کی طرف سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے ذریعہ درگاہ پر عطیات اور جائیدادوں کے غلط استعمال، بے ضابطگیوں اور بدانتظامی سے متعلق کئی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے اس معاملے کو جموں و کشمیر وقف بورڈ کے چیئرپرسن نے بہت سنجیدگی سے دیکھا ہے اور اس لئے اس معاملے کی ابتدائی تحقیقات کے لیے ایک چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:۔ لیفٹننٹ گورنر نے درگاہ حضرت بل کا دورہ کیا
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر وقف بورڈ کے پرائیویٹ سیکرٹری کے سربراہ مسروف سلطان اور سینئر اکاؤنٹنٹ فیاض احمد راتھر، سپروائزر اکاؤنٹس سیکشن نذیر احمد وانی اور محاسل اکاؤنٹس سیکشن خورشید احمد شیخ کی سربراہی میں چار ممبران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو کہ اس معاملے کی تحقیقات کرئے گی۔ کمیٹی سے کہا گیا ہے کہ وہ تین ہفتوں کی مدت کے اندر چیف ایگزیکٹیو آفیسر، جموں و کشمیر وقف بورڈ کو تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔