سری نگر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ ترنگا ریلیوں میں نوجوانوں کی بھر پور شرکت ان لوگوں کے لئے ایک کرارا جواب ہے جو یہ دعویٰ کرتے تھے کہ جموں و کشمیر میں کوئی ترنگا اٹھانے والا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں ہو رہی ترقی سے کچھ لوگوں کے دلوں میں تکلیف ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونین ٹریٹری کے نوجوانوں کے خوابوں کو پورا کرنے کی ہر کوشش کی جائے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو یہاں ترنگا ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا: 'جموں و کشمیر میں ترنگا اٹھانے والے یہاں نہیں ملیں گے آج انہیں یہ بات سمجھ میں آئی ہوگی کہ جموں و کشمیر کا ہر نوجوان ترنگے سے اتنا ہی محبت کرتا ہے جتنا ملک کے باقی حصوں کے لوگ کرتے ہیں'۔ ان کا کہنا تھا کہ 'ایک وقت ایسا تھا جب یہاں کے نوجوانوں کو ورغلایا جاتا تھا کہ لیکن آج یہاں کا نوجوان ملک کے کسی بھی حصے کے لوگوں سے ترقی میں آگے ہے یہ ہمارے لئے بہت ہی فخر کی بات ہے'۔
منوج سنہا نے نوجوانوں کو بھروسہ دیا کہ ان کے خوابوں کو پورا کرنے کی ہر کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا: 'میں نوجوانوں کو بھروسہ دینا چاہتا ہوں کہ ان کے خوابوں، آرزوؤں کو پورا کرنے میں ہر ممکن کوشش کی جائے گی'۔ ان کا کہنا تھا: 'جموں وکشمیر کے لوگوں نے جو محبت کا بیچ بویا ہے اس کو ثمر آور ثابت ہونے کے لئے کوشش کی جائے گی'۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ترقی سے کچھ لوگوں کے دلوں میں تکلیف ہو رہی ہے۔
مزید پڑھیں: اننت ناگ میں میری مٹی میرا دیش مہم کے تحت ترنگا ریلی کا اہتمام
ترنگا ریلی کی سربراہی کرنے کے دوران منوج سنہا نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر ہاتھ میں ترنگا ہے اور لوگوں میں کافی جوش و جذبہ ہے جس کی یہاں کے لوگ آرزو کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ نہ صرف سول انتظامیہ اور پولیس کے افسران و اہلکار بلکہ لوگوں کی بڑی تعداد بھی اس ریلی میں حصہ لے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے ترنگا کے تئیں عزت کے اظہار اور تبدیلی کا حصہ بننے کی ذمہ داری کو سمجھ لیا ہے۔