سرینگر:بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف ) کے آئی جی اشوک یادو نے بدھ کے روز کہا کہ دراندازی کی کوششوں کے باوجود کنٹرول لائن پر حالات پوری طرح سے قابو میں ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اُن کے مطابق یوم جمہوریہ کے پیش نظر سرحدوں پر چوکسی دوگنی کردی گئی ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پوری طرح سے محفوظ ہے اور بی ایس ایف جوان اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ آئی جی نے کہا کہ " سرحدوں پر تعینات افواج نے امسال دراندازی کی کئی کوششوں کو ناکام بنایا جس دوران ہتھیار و گولہ بارود کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔" انہوں نے بتایا کہ سرحدیں پوری طرح سے محفوظ ہے اور اس کو مزید محفوظ بنانے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
آئی جی بی ایس ایف کے مطابق سرحدوں پر تعینات افواج چوبیس گھنٹے اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں اور کسی کو بھی اس طرف آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آئی جی اشوک یادو نے مزید بتایا کہ یوم جمہوریہ کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر فوج کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ سرحدی پر چوکسی بڑھائی گئی اور فوج کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسی کوئی جگہ نہ چھوڑے جہاں سے ملی ٹینٹ اس طرف آنے کی کوشش کریں۔
اُن کے مطابق ایل او سی پر چوکسی دوگنی کردی گئی جبکہ پیٹرولنگ اور فوج کی تعیناتی مزید مضبوط کی جارہی ہیں۔بارڈر سیکورٹی فورس کے آئی جی پی نے بتایا کہ ایل او سی پر فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔
(یو این آئی)