سرینگر: انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے بیان کے مطابق 182 واں جمعتہ المبارک ہے جب ایک بار پھر سربراہ انجمن میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق کو تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سمیت اپنی دیگر منصبی ذمہ داریاں ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ایسے میں انجمن نے اس طرز عمل کو از حد افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ میرواعظ کی ساڑھے تین سال سے زیادہ طویل ترین خانہ نظر بندی اور مقدس شب معراج کی آمد پر بھی حکام کی جانب سے میر واعظ کی رہائی عمل میں نہ لانے پر عوامی حلقے میں مایوس اور برہمی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Detention of Mirwaiz میرواعظ کی طویل نظر بندی ختم کی جائے، متحدہ مجلس علما
انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے کہا کہ لوگ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ آخر کشمیر کے سب سے بڑے مذہبی رہنما کو غیر اخلاقی اور غیر قانونی طریقے سے کیوں مسلسل نظر بند رکھا گیا ہے۔ انجمن نے ایک بار پھر متعلقہ ذمہ داروں سے میرواعظ کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ دہرایا۔ واضح رہے کہ علیٰحدگی پسند رہنما میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق کو اگست 2019 میں جموں و کشمیر سے دفعہ 370 اور 35 اے کے خاتمے سے قبل انتظامیہ نے گھر میں نظر بند کر دیا گیا تھا جس کے بعد سے میر واعظ آج بھی گھر میں نظر بند ہیں۔ وہیں آج شب معراج بھی ہے، جس کے پیش انجمن اوقاف کا مطالبہ ہے کہ انہیں رہا کیا جائے۔