جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع شوپیان میں آج سکیورٹی فورسز نے دوسرے روز بھی تلاشی مہم جاری رکھی۔
سکیورٹی فورسز نے گذشتہ روز شوپیان کے علاقہ ترکہ وانگام کو حصار میں لیا تھا اور تلاشی مہم شروع کی تھی، بعد میں اگرچہ تلاشی کارروائی کو کچھ وقت کے لئے معطل کیا گیا۔ تاہم آج دوبارہ گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔
فوجی ذرائع کے مطابق علاقہ میں تین سے چار عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ہے، جن میں ایک ترکہ وانگام کا رہنے والا آصف احمد لون بھی ہے۔
ذرائع کے مطابق فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز، اسپیشل آپریشن گروپ اور 178 بٹالین سی آر پی ایف نے علاقے کو نرغے میں لیا ہے اور تمام داخلی و خارجی راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔
سیکورٹی فورسز کو علاقہ میں ممکنہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی مخصوص اطلاع موصول ہوئی ہے جس کے بعد کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں شوپیان کے کٹپورہ میں پیش آئے ایک تصادم میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔
دونوں عسکریت پسند مقامی تھے اور ان کا تعلق ٹی آر ایف نامی عسکری تنظیم سے تھا۔