جنوبی کشمیر کے ترال کے بالائی علاقوں میں آج صبح ہوئی ژالہ باری کے نتیجے میں میوہ باغات کو کافی نقصان ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ستورہ، نارستان اور مضافاتی دیہات میں شدید ژالہ باری کے نتیجے میں یہاں کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچ گیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا چند منٹوں کی ژالہ باری نے اُنہیں خون کے آنسو رونے پر مجبور کر دیا ہے۔
فصلوں، خاص کر میوہ جات کو پہنچے شدید نقصان سے علاقے کے کسانوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے۔
اس دوران ڈی ڈی سی ممبر آری پل ترال منظور احمد گنائی نے علاقے میں ہوئی قہر انگیز ژالہ باری سے فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ کو جلد از جلد ٹیموں کو روانہ کر کے نقصان کا جایزہ لینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ژالہ باری نے ستورہ ،نارستان اور مضافاتی دیہات میں میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچایا ہے اس لئے وہاں رہنے والے کسانوں کو معقول امداد فراہم کی جائے۔
واضح رہے ترال کے بالائی علاقے میں زیادہ تر لوگ کھیتی باڑی پر ہی منحصر ہیں۔