ممبئی: اداکارہ کنگنا رناوت نے مہاتما گاندھی پر ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے۔ کنگنا نے کہا ہے کہ دوسرا گال آگے کرنے سے آزادی نہیں 'بھیک ملتی ہے'۔ رناوت نے گزشتہ ہفتے ایک قابل اعتراض بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ '1947 میں بھارت نے آزادی حاصل نہیں کی تھی بلکہ بھیک ملی تھی۔ اصل آزادی 2014 میں ملی جب نریندر مودی کی حکومت برسراقتدار آئی۔
رناوت نے انسٹاگرام پر ایک اخبار کی پرانی کوپی شیئر کی ہے جس کی سرخی ہے، گاندھی بوس کو دوسرے رہنماؤں کو حوالے کرنے پر راضی ہوگئے تھے۔ ایک کے بعد ایک پوسٹ کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ اپنے رہنماؤں کا انتخاب سمجھداری سے کریں۔
خبروں میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گاندھی، جواہر لال نہرو اور محمد علی جناح نے ایک برطانوی جج سے اتفاق کیا تھا کہ اگر بوس ملک میں داخل ہوتے ہیں تو وہ ان کے حوالے کردیں گے۔ رناوت نے اخبار کی کاپی کے ساتھ لکھا ہے کہ یا تو آپ گاندھی کے پرستار ہیں یا نیتا جی کے حامی۔ آپ دونوں ایک ساتھ نہیں ہوسکتے۔ چنیں اور فیصلہ کریں۔
ایک اور پوسٹ میں، رناوت نے دعویٰ کیا ہے کہ جن لوگوں نے آزادی کی لڑائی لڑی انہیں ایسے لوگوں نے اپنے آقاؤں کے حوالے کردیا، جن میں اپنے ظالموں سے لڑنے کی ہمت نہیں تھی یا جن کا خون ابلتا نہیں تھا، بلکہ وہ چالاک اور حکومت کے لالچی تھے۔
اس کے بعد کنگنا نے گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے یہاں تک دعویٰ کیا کہ اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ گاندھی جی چاہتے تھے کہ بھگت سنگھ کو پھانسی دی جائے۔ 34 سالہ اداکارہ نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ہمیں سکھایا کہ اگر کوئی آپ کو تھپڑ مارے تو دوسرا گال ایک اور تھپڑ کے لیے آگے کردیں۔
مزید پڑھیں:
- کنگنا کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ
کنگنا نے کہا کہ کیا اس طرح سے آپ کو آزادی ملے گی۔ اس طرح سے کسی کو آزادی نہیں ملتی، اس طرح سے بھیک مل سکتی ہے۔ اپنے ہیروز کو سمجھداری سے منتخب کریں۔ اداکارہ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ لوگ اپنی تاریخ اور اپنے ہیروز کے بارے میں جانیں۔
واضح رہے کہ رناوت کو حال ہی میں صدر رام ناتھ کووند نے پدم شری سے نوازا تھا، جس کے دو دن بعد اس نے آزادی سے متعلق متنازعہ بیان دیا۔