جموں (جموں و کشمیر): صوبہ جموں کے سرحدی اضلاع - پونچھ اور راجوری - کو جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع سے جوڑنے والی تاریخی مغل روڈ کو منگل کی دیر شام ایک بار پھر بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ’’لینڈ سلائیڈنگ دوپہر کے وقت ہوتی تو بڑا حادثہ رونما ہو سکتا تھا۔ لینڈ سلائیڈنگ شام کے وقت ہوئی جب شاہراہ پر ٹریفک نہیں تھا۔‘‘
اطلاعات کے مطابق شام تقریباً 6.30 بجے پونچھ ضلع کو کشمیر سے جوڑنے والی تاریخی مغل روڈ پر رتہ چھمب علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کی وجہ سے بڑی مقدار میں مٹی، پتھر اور بڑے درخت سڑک پر گر آئے۔ یہ سلسلہ آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔ گوجر بکروال طبقہ سے وابستہ افراد، جو نشیبی علاقوں کی طرف جا رہے تھے، نے لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاع دی، جس کے بعد بہرا مگلہ سائیڈ سے مغل روڈ پر ٹریفک کو بند کر دیا گیا۔
اس حوالے سے مغل روڈ اتھارٹی کے ایگزیکٹو انجینئر شوکت حسین نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’مغل شاہراہ پر رتہ چھمب علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شام دیر گئے سڑک کو ٹریفک کی نقل و حرکت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے شاہراہ پر ٹریفک کی بحالی کے حوالہ سے کہا: ’’بھاری ملبہ گر آنے اور رات ہونے کے باعث شاہراہ کو بحال کرنے کے لیے آپریشن شروع نہیں کیا گیا تاہم مشینوں کو آج صبح ہی کام پر لگا دیا گیا ہے۔‘‘ ادھر، ٹریفک پولیس نے عوام الناس سے مغل شاہراہ پر سفر کرنے سے قبل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کرنے کی تلقین کی ہے۔
مزید پڑھیں: Mughal Road موسم ساز گار ہونے کے بعد مغل شاہراہ کو بحال کیا جائے گا، ڈی سی پونچھ