ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے سید مبارک حسین نے این ایس ایف ایوارڈ جیت کر پورے کشمیر کا نام روشن کیا ہے۔ سید مبارک حسین نے یہ اعزاز نیورو سائنس میں حاصل کیا ہے۔ سید مبارک حسین یونیورسٹی آف نیو میکسیکو میں بائولوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ہیں۔ انہیں یہ اعزاز نیشنل سائنس فاؤنڈیشن کی جانب سے ملا ہے۔ اس اعزاز کی مدد سے وہ دماغی نشوونما اور افہام تفہیم کی ڈیولپمنٹ اور حرکت کو مزید سمجھ سکتے ہیں۔
یہ ایوارڈ ان سائنس دانوں کو دیا جاتا ہے جو تعلیمی میدان میں مثالی خدمات انجام دیتے ہیں۔ مبارک حسین کو ایک اعشاریہ آٹھ ملیین ڈالر کی مالی مدد ملے گی۔ سید ایک نیورو ساینٹسٹ ہیں اور وہ نیورانس نیورل سرکٹ اور انسانی دماغ کی دیگر سیلس کی حرکت اور ڈیولپمنٹ کو سمجھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ سید کے اس اعزاز سے ان کے اہل خانہ میں خوشی کی لہر ڈوڑ گئی ہے۔
سید مبارک حسین نے ابتدائی تعلیم وہاب پورہ بڈگام میں قائم اسلامیہ پلک اسکول سے حاصل کی ہے۔ ہائر سکنڈری اسکول بڈگام سے انہوں نے سیکنڈری لیول کی تعلیم حاصل کی اور اس کے بعد انہوں نے ایس پی کالج سرینگر سے بی فارمیسی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ مبارک حسین نے یونیورسٹی آف کشمیر سے بائیو کمسٹری میں ماسٹرس کی ڈگری حاصل کی۔
اس کے بعد سید مبارک حسین مزید تعلیم حاصل کرنے کے لئے بنگلور گئے جہاں انہوں نے نیشنل سینٹر فار بائولاجیکل سائنسس سے جے آر ایف کیا۔ مبارک حسین نے جرمنی سے نیورو بائیولوجی میں پی ایچ ڈی حاصل کی اور پھر ہاورڈ ہیوجس میڈیکل انسٹیٹیوٹ، یونیورسٹی آف آریگن میں پوسٹ ڈاکٹریٹ کیا۔
سید کی والدہ اور دیگر رشتہ داروں نے ای ٹی وی بھارت سے ان کے سفر کو بیان کیا۔ انہوں نے ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ وہیں، ان کے خاندان کے طالب علم سید کے اس کارنامے سے کافی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھی اس فیلڈ میں جانا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر بننے والی آٹو ڈرائیور کی بیٹی کی بڑی کامیابی متاثرکن
سید مبارک حسین کی اس کامیابی سے مقامی لوگوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے گاؤں کے طلبا کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی۔
سید مبارک حسین سائنس کے فیلڈ میں جانے کے خواہش مند نوجوانوں کے لیے باعث ترغیب ہیں۔ اگر انسان میں کچھ کرنے کی چاہت ہو تو بس آگے بڑھتے جاؤ منزل خود بخود ملتی ہے۔