ضلع بانڈی پورہ کے چندگیر، سوناواری علاقے کے باشندوں نے بجلی ترسیلی نظام مستحکم Poor Power Transmission System in Bandiporaکیے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے محکمہ پی ڈی ڈی سے علاقے میں بوسیدہ بجلی کے کھمبوں سمیت خستہ ہو چکی ترسیلی لائنز کو تبدیل کیے جانے کی اپیل کی۔
علاقے میں کئی مقامات پر بجلی ترسیلی لائنیں خستہ ہو چکی ہیں وہیں متعدد مقامات پر ترسیلی لائنز کو درختوں کے ساتھ باندھ دیا گیا ہے۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ کئی مقامات پر بجلی کی لٹکتی تاروں سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہے، علاقے میں بجلی کی ترسیلی لائنز درختوں اور بوسیدہ کھمبوں کے ساتھ باندھ دی گئی ہیں جس سے کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ بجلی فیس وقت پر ادا کرتے ہیں جس کے باوجود محکمہ بجلی کی جانب سے انہیں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں بجلی کے کھمبوں کی اشد ضرورت ہونے کے ساتھ ساتھ ترسیلی لائنوں کو بھی بہتر طریقے سے بچھائے جانے کی بھی ضرورت ہے۔
انہوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’محکمہ پی ڈی ڈی کے ملازمین صرف بجلی بلوں کی تقسیم کاری کی غرض علاقے کا دورہ کرتے ہیں لیکن اس کے بعد کبھی بھی بجلی سے متعلق پیدا شدہ مسائل کے حل کے لئے علاقے میں قدم نہیں رکھتے۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں بجلی کی تاریں ہر گلی کوچے میں درختوں کے ساتھ لٹکتی دیکھی جا سکتی ہیں جن سے راہ چلتے لوگوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کو بھی خطرہ لاحق رہتا ہے۔
انہوں نے بجلی ترسیلی نظام کو مستحکم کیے جانے خاص کر کھمبوں کی فراہمی کو یقینی بنائے جانے کی اپیل کی۔