چنئی سُپر کنگز نے ٹاس جیت کر راجستھان رائلز کو بلے بازی کی دعوت دی تھی۔ راجستھان کی شروعات اچھی نہیں رہی اور محض 11 رنز پر ہی اس نے پہلا وکٹ گنوادیا۔
اس کے بعد سنجو سیمسن اور کپتان اسٹیو اسمتھ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 56 گیندوں میں 121 رنز کی شاندار پارٹنرشپ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور مضبوط کیا۔
اس دوران سیمسن نے طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے 32 گیندوں میں ایک چوکا اور 9 چھکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے۔ بدقسمتی سے وہ سنچری مکمل نہیں کر سکے اور لنگی انگڈی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد کوئی بھی بلے باز کریز پر ٹک نہیں سکا، ڈیوڈ ملر(صفر)، رابن اتھپا(5 رنز)، راہل تیواتیا(10 رنز)، ریان پراگ(6 رنز) بنا کر جلدی جلدی پویلین لوٹ گئے۔
دوسری جانب اسٹیو اسمتھ نے محاذ سنبھالے رکھا اور اسکور آگے بڑھایا لیکن سیم کُرین کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں وہ باؤنڈری پر کیدار جادھو کو کیچ دے بیٹھے۔ اسمتھ نے 47 گیندوں میں 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے۔
آخری اوورز میں جوفرا آرچر نے بڑے شاٹس لگاتے ہوئے 8 گیندوں میں 27 رنز بنائے۔
چنئی سُپر کنگز کی جانب سے سیم کُرین نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ دیپک چہر، لنگی اینگڈی اور پیوش چاؤلہ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
آئی پی ایل کا چوتھا مقابلہ چینئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کے مابین شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔
چنئی سپر کنگز نے پہلے مقابلے میں دفاعی چیمپیئن ممبئی انڈینز کو شکست دی تھی جبکہ راجستھان رائلز کا اس سیزن میں یہ پہلا میچ ہے۔
- چینئی سپر کنگز اسکواڈ:
مہیندر سنگھ دھونی(کپتان، وکٹ کیپر)، مرلی وجے، شین واٹسن، فاف ڈو پلیسس، رُتو راج گائیکواڑ، کیدار جادھو، رویندر جڈیجہ، سیم کُرین، دیپک چہر، پیوش چاؤلہ اور لنگی اینگڈی۔
- راجستھان رائلز اسکواڈ:
اسٹیو اسمتھ(کپتان)، یشسوی جیسوال، رابن اتھپا، سنجو سیمسن(وکٹ کیپر)، ڈیوڈ مِلر، ریان پراگ، شریس گوپال، ٹام کُرین، راہل تیواتیا، جوفرا آرچر اور جئے دیو انادکٹ۔