واشنگٹن: امریکی فورسز نے صومالیہ کے شمالی علاقے میں ایک کارروائی میں اسلامک اسٹیٹ کے لیڈر بلال السوڈانی کو ہلاک کر دیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع لائڈ جے آسٹن نے اس کامیاب آپریشن کی تصدیق کی ہے۔ امریکی دعوے کے مطابق بلال السوڈانی صومالیہ میں اسلامک اسٹیٹ آف عراق اینڈ سیریا (آئی ایس آئی ایس) نیٹ ورک کا مرکزی آپریٹر اور رابطہ کار تھا۔ اسے افریقہ میں داعش (دولت اسلامیہ عراق و شام) کی سرگرمیوں اور فنڈنگ کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا تھا۔
امریکی وزیر دفاع آسٹن نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ رات صدر جو بائیڈن کے حکم پر، امریکی فورسز نے شمالی صومالیہ میں ایک آپریشن کیا جس میں داعش کے عالمی نیٹ ورک کا ایک اہم رکن اور رابطہ کاربلال السوڈانی سمیت داعش کے 10 دیگر ارکان بھی مارے گئے۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ اس مہم نے امریکہ اور اس کے ساتھی ممالک کا ماحول پہلے سے زیادہ محفوظ بنا دیا ہے۔ امریکی انتظامیہ امریکی شہریوں کو اندرون اور بیرون ملک دہشت گردی سے بچانے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
داعش کے سربراہ ابو ابراہیم الہاشم القریشی ہلاک
القاعدہ رہنما ایمن الظواہری امریکی ڈرون حملے میں ہلاک
انہوں نے مزید کہا کہ صومالیہ میں داعش کے خلاف آپریشن میں کوئی شہری جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف اس مہم کی کامیابی کے لیے امریکی انٹیلی جنس نظام سے وابستہ افراد اور دیگر ایجنسیوں اور فوج کے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ان کے ساتھ تعاون کیا۔ (یو این آئی)