جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں گزشتہ روز ایک شخص نے پولیس تھانہ ڈوڈہ میں چوری کی شکایت درج کروائی تھی۔ اس معاملے میں پولیس نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک چور کو گرفتار کیا ہے۔
شخص نے ایف آئی آر درج کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ حسب معمول روزانہ کی طرح اپنے کام پر صبح نو بجے گھر سے نکلا تھا، لیکن جب وہ شام کو اپنے گھر واپس پہنچا تھا تو اس کے کمرے کا دروازہ کھلا ہوا تھا اور گھر کی تمام چیزیں بکھری ہوئی تھیں۔ وہیں گھر سے زیورات اور کچھ نقدی غائب تھے۔
جس کے بعد پولیس تھانہ ڈوڈہ نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی تھی۔ تحقیق کے دوران پولیس نے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے چور کا سراغ لگایا اور چور کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ پولیس نے ملزم کی شناخت ثقلین مشتاق ولد مشتاق احمد وانی کے طور پر کی ہے۔
مزید پڑھیں:پونچھ: پولیس نے ممنوعہ آکسیٹوسن انجکشن کو ضبط کرلیا
پولیس کی پوچھ گچھ میں ثقلین نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ہی چوری کی ہے۔ ڈوڈہ پولیس نے چور کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے تقریباً دس تولہ سونا برآمد کیا ہے، جب کہ پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کررہی ہے۔