سرینگر: جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کے بمنہ میں منتقل کئے جانے والے بچوں کے ہسپتال میں علاج و معالجے اور دیگر طبی خدمات کا آغاز ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے جی بی پنت ہسپتال کی پیڈیاٹرک خدمات(بچوں کا علاج) کو سرینگر کے بمنہ علاقے میں نئے تعمیر شدہ 500 بستروں والے چلڈرنس ہسپتال میں منتقل کردیا ہے۔
اس موقع پر ہسپتال کے پرنسپل ڈاکٹر نذیر چودھری نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ 'یہاں ایک ہی چھت کے نیچے علاج و معالجے کی تمام تر سہولیات رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سونہ وار میں ڈھائی سو بستروں والا بچوں کا ہسپتال تھا جبکہ یہ پانچ سو بستروں والا ہسپتال ہے تو ظاہر ہے مریضوں کو کافی آسانی ہوگی۔ ڈاکٹر نذیر نے کہا کہ 'یہ لوگوں کا ہسپتال ہے اس لیے یہاں صاف صفائی اور اس ہسپتال کے ساز و سامان کی حفاظت سبھی کی ذمہ داری ہے۔
اس کے علاوہ ایک تیمار دار نے کہا کہ یہ ہسپتال ہر لحاظ سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں صاف صفائی کا بھی بہتر انتظام ہے اور دیگر سہولیات کا بھی بہت ہی اچھا بندوبست ہے۔ یہ جگہ بھی کافی وسیع ہے اور تیماداروں کو بھی کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہیں ہورہا ہے۔