جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ضلع رامبن کے ڈگڈول کے مقام پر ایک ٹاٹا سومو سڑک حادثے کا شکار ہوگئی جس میں دو مسافر ہلاک جب کہ 12 دیگر زخمی ہوگئے۔ جن میں سے چھ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ٹاٹا سومو جس کا رجسٹریشن نمبر Jk03 A 6391 رامبن سے نیل کی جانب جارہی تھی کہ گاڑی ڈگڈول رامبن کے مقام پر 300 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ جس کے نتیجہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 12 دیگر مسافر زخمی ہوگئے ہیں جن میں چھ کی حالت نازک ہے۔
حادثے کی خبر ملتے ہی فوجی پولیس سول کیو آر ٹی رامبن کی طرف سے شروع کی گئی مشترکہ ریسکیو آپریشن نے تمام زخمیوں کو ضلع اسپتال رامبن منتقل کیا جہاں چھ شدید زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کر دیا گیا۔
اس سلسلے میں رامبن پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔