کل ہند مجلس اتحاد المسلمین اپنے کام کو لے کر سنجیدہ ہے اور وہ دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں بڑھ چڑھ کرحصہ لے گی، جو لوگ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں مجلس کی کارکردگی پر سوالات کررہے ہیں در اصل وہ اپنی ناکامی کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مجلس اتحاد المسلمین دہلی کے انچارج و رکن پارلیمان امتیاز جلیل نے کیا۔ وہ دہلی مجلس کی جانب سے ہوٹل ریورویومیں منعقدہ جلسہ تشکر میں شرکت کرنے کے بعد صحافیوں کے سوالوں کا جواب دے رہے تھے۔ All India Majlis-e-Ittehad-ul-Muslimeen Ready for Delhi Municipal Elections
امتیاز جلیل نے کہا کہ میں کلیم الحفیظ کو مجلس کے ساتھ جڑنے پر ایک سال مکمل ہونے پر مبارک باد دیتا ہوں۔میں جانتا ہوں تنظیم چلانا کتنا مشکل ہے،کیوں کہ میں خود مہاراشٹر کی ذمہ داری نبھا رہا ہوں۔مجلس کسی ایک دھرم کی جماعت نہیں ہے،نہ ہی کسی ایک دھرم کے ووٹوں سے کوئی کامیابی ملنے والی ہے،اس لیے مجلس کے ذمہ داران کو چاہئے کہ وہ سماج کے ہر طبقے کو مخاطب کریں۔خاص طور پر محروم طبقات کو اپنے ساتھ جوڑیں،ان کے حق کی آواز بلندکریں۔انھوں نے کہا کہ جو لوگ مجلس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں انھیں ٹکٹ کے لیے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اتنی محنت کرنا چاہئے کہ ہر پارٹی ان کے دروازے پرٹکٹ لے کر پہنچے۔دہلی مجلس کے صدر کلیم الحفیظ نے ایک سال کی تکمیل پر جہاں اللہ کا شکر ادا کیا۔
وہیں قائد مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی اور دہلی انچارج کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جو اعتماد میرے قائدین نے مجھ پر کیا ہے میں اس کو قائم رکھوں گا۔صدر مجلس نے کہا میری کامیابی میں میری پوری ٹیم کا ہاتھ ہے۔اس لیے کہ کارکنان ہی زمین پر کام کرتے ہیں۔پروگرام کے دوران کارکنان کے سامنے ایک سالہ رپورٹ کی جھلکیاں پیش کرتے ہوئے صدر مجلس نے بتایا کہ اس ایک سال میں 38وارڈوں میں تنظیم کو مضبوط کیا گیا ہے۔33وارڈوں میں ہمارے دفاتر ہیں۔30ہزار سے زائد ممبر شپ ہوئی ہے،93پریس ریلیز شائع ہوئی ہیں،50سے زیادہ عوامی اجتماعات ہوئے ہیں،اس کے علاوہ کیڈر کانفرنس،احتجا ج و مظاہرے کیے گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر لاکھوں لوگ دہلی مجلس کی کارکردگی سے واقف ہوئے ہیں۔
- مزید پڑھیں:Delhi Municipal Corporation: دہلی میونسپل کارپوریشن کو ضم کرنے والا ترمیمی بل لوک سبھا میں پیش
جلسے کا آغاز سوشل اینڈ کلچرل ونگ کے کنوینر حافظ قاسم عثمانی نے تلاوت قرآن سے کیا۔اس کے بعد گلدستے اور شال دے کرمہمان کا استقبال کیا گیا۔مجلس کی سالانہ رپورٹ کا اجرا ہوا۔مجلس کے ترانے کو ریلیز کیا گیا۔پروگرام میں جنرل سیکریٹری شاہ عالم،راجیو ریاض،سرتاج سیفی،افضل خان آفریدی،محمد عارف سیفی،این اے کریمی،بدرالدین ایدوکیٹ،منظر خان،ڈاکٹر انور،ریحان صدیقی،اصغر انصاری،ایڈوکیٹ منوج سونکر،محمود انور،محمد شعیب منظروغیرہ نے ایک سالہ کارکردگی پر اظہار خیال کیا۔صدارت دہلی صد ر کلیم الحفیظ نے کی اور نظامت آرگنائزیشن سیکریٹری عبدالغفار صدیقی نے انجام دی۔جلسے کے انعقاد میں آئی ٹی سیل انچارج معروف خان،اورمجلس کے جوائنٹ سیکریٹری شاداب الیاس نے اہم رول ادا کیا۔