آلٹ نیوز کے فیکٹ چیکر محمد زبیر کی گرفتاری کے بعد کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ڈرو مت کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹویٹ کیا کہ 'بی جے پی کے جھوٹ، تعصب اور نفرت کو بے نقاب کرنے والا ہر شخص ان کے لیے خطرہ ہے۔ حق کی ایک آواز کو گرفتار کرنے سے ہزاروں مزید آوازیں اٹھیں گی۔ ظلم پر ہمیشہ سچائی کی فتح ہوتی ہے۔'
ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے محمد زبیر Muhammad Zubair کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'محمد زبیر کی گرفتاری انتہائی قابل مذمت ہے۔ اسے بغیر کسی اطلاع کے نامعلوم ایف آئی آر کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ دہلی پولیس پر الزام لگاتے ہوئے اویسی نے کہا کہ دہلی پولیس مسلم مخالف نسل کشی کے نعروں کے بارے میں کچھ نہیں کرتی لیکن نفرت انگیز تقریر کی اطلاع دینے اور غلط معلومات کا مقابلہ کرنے والوں کے خلاف تیزی سے کارروائی کرتی ہے۔'
کانگریس کے سینیئر رہنما ششی تھرور نے بھی زبیر کے حق میں ٹویٹ کیا کہ 'آلٹ نیوز غلط معلومات سے بھرے ہمارے سیاسی ماحول میں سچائی کو سامنے لا کر ایک اہم خدمت انجام دیتا ہے۔ جو بھی جھوٹ کا ارتکاب کرتا ہے وہ جھوٹ کو ڈبو دیتے ہیں۔ زبیر کو گرفتار کرنا سچ پر حملہ ہے، اسے فوری طور پر رہا کیا جائے۔'
وہیں یوگیندر یادو نے بھی ٹویٹ کرکے آلٹ نیوز کو مبارک باد دی اور کہا کہ 'مودی کے بھارت میں محمد زبیر کی گرفتاری پلٹزر پرائز کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ سچائی پر مبنی، محتاط، ثابت قدم اور دلیرانہ صحافت کے لیے، یہ ایک یاد دہانی ہے کہ صحافت اہمیت رکھتی ہے۔'
واضح رہے کہ آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر Muhammad Zubair کو دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے پیر کو گرفتار کرلیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق زبیر کو دہلی پولیس نے ایک کیس کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا لیکن پھر ان پر ایک دوسرے کیس میں مقدمہ درج کیا گیا اور ان پر فرقہ وارانہ انتشار پھیلانے اور مذہبی جذبات بھڑکانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
Muhammad Zubair Arrested: آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر گرفتار
قابل ذکر ہے کہ زبیر کو دہلی پولیس نے2020 کے ایک کیس کے سلسلے میں 27 جون کو طلب کیا تھا، لیکن اسے اس معاملے میں ہائی کورٹ سے گرفتاری سے تحفظ حاصل ہے۔ پولیس نے اس کے خلاف نیا مقدمہ درج کرکے ان کی گرفتاری کی ہے۔ یہ گرفتاری دہلی پولیس کے آئی ایف ایس او (انٹیلی جنس فیوژن اینڈ اسٹریٹجک آپریشنز) کے خصوصی سیل نے کی ہے۔ زبیر کے خلاف دفعہ 153، 295A کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔