مالیگاؤں: ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی جانب سے ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔ اس کانفرنس میں گرفتار پی ایف آئی کے ضلعی صدر مولانا سیف الرحمان سعید الرحمن قاسمی کے اہل خانہ نے ان کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے رہائی کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر پی ایف آئی کے رکن عمار احمد نے کہا کہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا ملک کی جمہوریت و سالمیت کی بقاء اور آئین کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرنے والی بے داغ تنظیم ہے۔ Maulana Saifur Rahman family members demand release from the government
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی آواز کو دبا کر تاناشاہی کی سیاست کرنے کی سمت اٹھایا گیا ایک قدم ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے کریک ڈاؤن آپریشن کے بعد مظلوموں کی آواز بننے کا دعوی کرنے والی دینی، ملی، سیاسی اور سماجی تنظیموں کی خاموشی تاناشاہوں کے ارادوں کی توثیق کرتی ہے لیکن پی ایف آئی کو اس طرح دبایا نہیں جاسکتا۔ بھارت ایک جمہوری ملک ہے اور ملک کے آئین اور عدلیہ پر ہر بھارتی کو بھروسہ ہے۔ انصاف کی بالادستی کے لیے ہم قانونی لڑائی جاری رکھیں گے۔
مزید پڑھیں:۔ اراکین کی گرفتار پر پی ایف آئی کا سی بی آئی جانچ کا مطالبہ
وہیں سیف کی والدہ نے بتایا کہ سیف الرحمان محنت و مزدوری کرکے اپنے اہل خانہ کی کفالت کرتے تھے اور بقیہ وقت اپنے دینی فریضہ کو انجام دیتے تھے۔ ان پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور وہ بے قصور و بے گناہ ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیف الرحمان نے نہ تو کبھی قانون کے خلاف کوئی کام کیا ہے اور نہ تو کسی طرح کی کوئی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہے۔ اس لئے حکومت اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد باعزت رہا کرے، کیونکہ ان کی گرفتاری کے بعد سے اہل خانہ ذہنی پریشانیوں میں مبتلاء ہوگئے ہیں۔ اس درمیان سیف الرحمان کی اہلیہ نے کہا کہ یوں اچانک بغیر کسی معقول وجہ کہ سرکاری ایجنسیوں نے انہیں رات کے اندھیرے میں گرفتار کیا، یہ کہا کا قانون ہے؟ ہمیں ملک کے آئین اور عدلیہ پر پورا یقین ہے اس لئے ہم حکومت سے انصاف کا تقاضا کرتے ہیں کہ سیف الرحمان کی فورا رہائی کے اقدامات کئے جائیں۔
واضح رہے کہ این آئی اے نے ملک بھر سے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے 106 سے زائد کارکنان و عہداران کو گرفتار کیا۔ تنظیم پر ٹرر فنڈنگ اور ملک کیخلاف نوجوانوں کو بھڑکانے جیسے سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ وہیں مالیگاؤں سے پی ایف آئی کے ضلعی صدر مولانا سیف الرحمان سعید الرحمن قاسمی کو اے ٹی ایس نے ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا، جبکہ ممبئی اے ٹی ایس نے ممبئی کالا چوکی پولیس اسٹیشن میں مولانا سیف الرحمان و دیگر گرفتار شدگان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 121A، 153B، 120B اور 109 کے علاوہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی دفعہ، یو اے پی اے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔ اہم بات یہ ہے کہ مولانا سیف الرحمان سمیت دیگر گرفتار شدگان کو 3 اکتوبر تک این آئی اے کی تحویل میں رکھنے کے احکامات ناسک ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ کے جج نے جاری کیے ہیں۔