شہڈول۔ مدھیہ پردیش کے شہڈول ضلع کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ جہاں ایمبولنس نہ ملنے پر ایک نوجوان اپنی ماں کی لاش کو موٹر سائیکل پر لے جاتا نظر آ رہا ہے۔ ویڈیو شہڈول میڈیکل کالج کا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ متوفی کے لواحقین کے پاس پرائیویٹ گاڑی کو دینے کے لیے پیسے نہیں تھے۔ مجبورا بیٹے کو ماں کی لاش کو موٹر سائیکل پر گھر لانا پڑا۔ Ambulance not available son carries mother dead body on bike in Shahdol
انوپ پور ضلع کے گوڈارو گاؤں کی رہنے والی ایک خاتون جیمنتری یادو کو سینے میں درد ہوا۔ جس کے بعد ان کے بیٹے نے انہیں شہڈول ڈسٹرکٹ ہسپتال میں داخل کرایا۔ جہاں حالت بگڑنے پر مریض کو شہڈول میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا۔ جہاں علاج کے دوران خاتون کی موت ہو گئی۔ خاتون کی موت کے بعد لاش گھر لے جانے کا مطالبہ کیا گیا لیکن ایمبولنس نہیں ملی۔
پرائیویٹ گاڑی والے گھر تک لاش کو لے جانے کے لیے 5000 روپئے مانگ رہے تھے۔ لیکن گھروالوں کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ وہ پرائیویٹ گاڑی بک کر سکیں۔ چنانچہ ان کے بیٹے نے 100 روپے کی ایک لکڑی کی پٹری خریدی اور کسی طرح ماں کی لاش کو اس پٹری سے باندھ کر موٹر سائیکل میں رکھا اور شہڈول سے انوپ پور ضلع کے گاؤں گوڈارو کے لیے روانہ ہوگیا۔ جو شہڈول ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سے تقریباً 80 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
مزید پڑھیں:۔ گُنا: ایک شخص کی موت کے بعد گاڑی نہیں فراہم کی گئی، متعلقین ٹھیلے پر لے گئے لاش
لاش کو موٹر سائیکل پر لے جاتے وقت کسی نے ویڈیو بنا کر وائرل کر دیا۔ یہ ویڈیو ایک بار پھر مدھیہ پردیش کے قبائلی علاقے میں صحت کی ناقص سہولیات کو بے نقاب کر رہا ہے۔ ہسپتالوں میں ایمبولینس کی سہولت نہ ہونے کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لاش کو گھر لے جانے کے لیے طرح طرح کی کوششیں کرنی پڑتی ہیں۔ بڑے بڑے دعوے کرنے والے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ کی ریاست کی یہ حالت صحت کے نظام پر بڑا سوال اٹھا رہی ہے۔