علی گڑھ: اترپردیش کے علی گڑھ میں یمنا ایکسپریس وے پر ایک سلیپر بس اور ٹرک کی ٹکر ہوگئی۔ اس کی وجہ سے بس کا اگلا حصہ شدید طریقے سے تباہ ہوگیا۔ بدھ کی دیر رات علی گڑھ کے تپل علاقے میں پیش آئے اس حادثے میں پانچ ماہ کے بچے سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں ایک خاتون اور تین مرد بھی شامل ہیں۔ جب کہ تین بچوں سمیت 15 مسافر زخمی ہو گئے۔ پولیس نے موقعے پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ حادثے کی وجہ تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
پولس کے مطابق ایودھیا کے کرشنا ٹریولز کی سلیپر بس رات تقریباً ایک بجے جمنا ایکسپریس وے کے ذریعے دہلی سے اعظم گڑھ جا رہی تھی۔ اس دوران بس پوائنٹ نمبر 56 پر دہلی سے آگرہ آ رہے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے بعد موقع پر کہرام مچ گیا۔ بس کا اگلا حصہ اڑ گیا۔ لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔ راہگیروں نے لوگوں کو باہر نکالنے کی کوششیں شروع کیں اور پولیس کو بھی اطلاع دی۔
پولیس نے کھڑکی توڑ کر سب کو باہر نکالا
کچھ ہی دیر میں ہائی وے پٹرولنگ ٹیم اور پولیس موقعے پر پہنچ گئی۔ بس میں پھنسے مسافروں کو کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر باہر نکالا گیا۔ حادثے میں ایک پانچ ماہ کا بچہ، ایک خاتون اور تین مرد سمیت کل 5 افراد فوت ہوگئے۔ ان کے علاوہ دو بچے، تین خواتین اور 9 مرد سمیت کل 15 افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں آشی، رینی، پنکی، رودرا، آکاش، ابھیشیک، سریندر، بلدیو راج، جیانارائن، چھوٹا لال، خوشبو، امن گوسوامی، ابھینو اور ادیتی شامل ہیں۔ پولیس نے زخمیوں کو جیور کے کیلاش اسپتال میں داخل کرایا۔ اندر پھنسی لاشوں کو بڑی مشکل سے نکالا گیا۔
تین لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ ان میں پارول (25)، اس کا 5 ماہ کا بیٹا آروہ، پرتاپ گڑھ کے ہس مکھ سروج شامل ہیں۔ جب کہ دو دیگر لاشوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ انسپکٹر تپل شیشوپال شرما کے مطابق حادثے میں 5 کی موت ہو گئی۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ لواحقین کو حادثے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھائیں: گجرات کے بھروچ میں سڑک حادثہ، کار ٹرک کی ٹکر میں چھ افراد کی موت
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی وجہ تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق بس ڈرائیور نے ٹرک کو دیکھ کر بھی رفتار کم کرنے کی کوشش نہیں کی۔ اگر وہ وقت پر بریک لگاتا تو اتنا بڑا حادثہ رونما نہ ہوتا۔
بس میں سفر کر رہے اعظم گڑھ کے رہنے والے آکاش یادو نے بتایا کہ بس کی رفتار زیادہ تھی۔ غازی پور کے چھوٹے لال نے بتایا کہ وہ دہلی سے ماؤ جا رہا تھا۔ اچانک بس ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹرک پر خالی بوتلیں لدی تھیں۔ زخمی دھیرج یادو نے بتایا کہ بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ ساتھ ہی سونو یادو نے بتایا کہ ہم پچھلی سیٹ پر بیٹھے تھے اس لیے بچ گئے۔ سامنے بیٹھے مسافر دم توڑ گئے۔
مزید پڑھیں: انڈین آئل کارپوریشن کے اے بی یو پلانٹ میں دھماکہ، مینیجر سمیت 12 افراد جھلس کر ہلاک