لکھنؤ :لکھنو میں مظاہرین کوخطاب کرتے ہوئے مولانا سید کلب جوادنقوی نے کہاکہ پاکستانی سرکار امریکہ اور اسرائیل کی آلۂ کار ہے ۔پاراچنار میں مسلسل دہشت گرد تنظیمیں شیعوں کا قتل عام کررہی ہیں مگر پاکستانی سرکار اور فوج نے بروقت کاروائی نہیں کی۔مولانا نے کہاکہ افغانستان سے دہشت گردوں کو ہتھیار بھیجے جارہے ہیں۔ پاکستانی سرکار ان کی پشت پناہی کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس لئے ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شیعوں کی نسل کشی کے جرم میں پاکستانی اور افغانستانی سرکار کا احتساب کیاجائے ۔ پاکستان دہشت گردی کا اڈّہ ہے ۔امریکہ اور اسرائیل نے جن دہشت گرد تنظیموں کو جنم دیاہے وہ سب پاکستان میں متحرک اور فعال ہیں ۔خاص طورپرطالبان اور داعش جیسی دہشت گرد تنظیمیں جو اس وقت پاراچنار میں دہشت گردی کو فروغ دے رہی ہیں ،امریکہ اور اسرائیل کے ذریعہ معرض وجود میں آئیں اور پاکستانی سرکار نے ان کی حمایت کی ،جس کے نتیجے میں آج پاراچنار کو جہنم بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مولانا نے کہاکہ دہشت گرد شمر معلون کی طرح نوجوانوں کو پسِ گردن سے ذبح کررہے ہیں جس سے واضح ہوتاہے کہ یہ لوگ یزید اور شمر کی نسل سے تعلق رکھتے ہیں ۔عرب ملکوں پر بھی تنقیدکی اور کہا یہ بے غیرت عرب ہیں جو امریکہ اور اسرائیل کی دہشت گردی کے خلاف ایک حرف بولنے کی جرأت نہیں رکھتے ۔
مولانانے کہاکہ آج غزہ کی مدد کے لئے بھی کوئی آگے نہیں آیا۔ وہی میدان عمل میں موجود ہیں جو علیؑ کے چاہنے والے ہیں ۔اس لئے سب سے زیادہ ظلم و تشدد کا نشانہ علیؑ کے چاہنے والوں کو بنایاجارہاہے ۔
مولانا علی عباس خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ اللہ کاوعدہ ہے کہ حق باطل پر فتح یاب ہوگا۔آج بھی حق باطل کے خلاف نبردآزماہے اور مسلسل ظالموں کے خلاف احتجاج ہورہاہے ۔اب دنیا سمجھ چکی ہے کہ حق کدھر ہے اور باطل کدھر ہے ۔ظلم کے خلاف قیام اور بولنا سب پر فرض ہے ۔ظلم کے خلاف جتنا دیر سے اٹھو گے اتنا زیادہ خون دینا پڑے گا۔
انہوں نے کہاکہ جوظلم پاکستان کے پاراچنار میں ہورہاہے ہم اس کی شدت سے مذمت کرتے ہیں ۔جو حکومت اپنے عوام کی حفاظت نہ کرپائے اس سے کیا امید کی جاسکتی ہے ۔ہر حکومت چاہتی ہے کہ وہ اپنے عوام کی حفاظت کرے مگر پاکستانی سرکار ناکام ہوچکی ہے ۔پاراچنار کے مظلوم مسلسل دہشت گردی کا شکار ہیں مگر پاکستانی سرکار نے ان کی کوئی مدد نہیں کی ۔
یہ بھی پڑھیں:کانوڑ یاترا میں شامل انتشار پسند عناصر کی جانب سے مارپیٹ اور توڑ پھوڑ روک لگائی جائے: کوثرحیات خان
انہوںنے کہا دہشت گردی کی دنیا میں اب کوئی جگہ نہیں ہے ۔اب انسانیت جاگ اٹھی ہے ۔لوگ امن چاہتے ہیں اور ظالموں سے اظہار بیزاری کررہے ہیں ۔انہوں نے حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں سے پاراچنار میں امن کی بازیابی اور ظالموں کے احتساب کا مطالبہ کیا۔احتجاج میں مولانا سرتاج حیدر زیدی،مولانا فیروز حسین ،مولانا عادل فراز ،میثم رضوی ،اور دیگر افراد موجود تھے ۔