علیگڑھ: ریاست اترپردیش کے ضلع علی گڑھ میں ایک جانب اسمارٹ سٹی اسکیم کے تحت تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہونے کو ہیں، لیکن ضلع میں کچھ مسلم اکثریتی علاقے ایسے بھی ہیں جہاں گزشتہ تقریباً ایک ماہ سے عوام کو پینے کا پانی اور بجلی دستیاب کرانے میں علی گڑھ انتظامیہ ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ ایک صحت مند معاشرے کے لیے صاف پانی بے حد ضروری ہے۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ پانی سے زندگی نہیں ہے بلکہ پانی ہی زندگی ہے۔ ضلع علیگڑھ تھانہ کوارسی کے علاقہ رضا نگر وارڈ نمبر 61 ایک ایسا علاقہ ہے جہاں کی عوام کو پینے کا پانی اور بجلی دستیاب کرانے میں علیگڑھ میونسپل کارپوریشن ناکام ثابت ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
علیگڑھ میں مسلم اکثریتی علاقہ میں جگہ جگہ کچرے کے انبار
علاقہ میں چلچلاتی دھوپ سے بجلی اور پانی کی پریشانی سے دوچار مقامی لوگوں کا غصہ آج بھڑک اٹھا۔ آج بجلی اور پانی کے مسئلہ کے حوالے سے مقامی لوگوں نے محکمۂ واٹر سپلائی اور بجلی محکمہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ الزام ہے کہ علاقائی لوگوں نے مسئلہ حل کرنے کے لیے علاقائی کونسلر کو بلایا تھا لیکن کونسلر علاقائی لوگوں کے ساتھ بدتمیزی کرتے بھی نظر آئے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں تقریباً ایک ماہ سے بجلی نہیں ہے جس کی وجہ سے پانی کا مسئلہ ہے اور ہر گھر میں لوگ بیمار پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے متعدد بار حکام کو آگاہ کیا لیکن مسئلہ حل نہیں ہوا۔ اس وقت آج علاقہ کے لوگوں نے محکمۂ واٹر سپلائی اور بجلی محکمہ کے خلاف احتجاج کیا اور مسئلہ کے حل کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔
خواتین سمیت علاقہ کے لوگوں نے آج پانی کی خالی بالٹیاں لے کر سڑک پر علیگڑھ میونسپل کارپوریشن، محکمۂ واٹر سپلائی اور کونسلر کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ بجلی اور پینے کا پانی دستیاب نہ ہونے کے سبب یہاں بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ کسی طرح پانی خرید کر گزارا کر رہے ہیں۔ اتنی تیز گرمی میں بجلی اور پانی کے بنا زندگی گزارنا دشوار ہو رہا ہے۔ متاثر مقامی لوگوں نے پینے کے پانی اور بجلی کی دستیابی کے لیے علی گڑھ انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کو چاہیے کہ وہ جلد سے جلد بجلی اور پانی کی فراہمی کے لیے نئی پائپ لائن بچھائیں تاکہ عوام کو پینے کے لیے پانی میسر ہو سکے اور وہ بیماریوں کا شکار نہ ہوں۔