پٹنہ : ریاست بہار میں معاون اردو مترجم کے سینکڑوں امیدوار گزشتہ پانچ سالوں سے پٹنہ کی سڑکوں کی خاک چھان رہے ہیں، پری اور مینس امتحان پاس کرنے اور پھر کونسلنگ کرانے کے بعد بھی یہ امیدوار گزشتہ کئی سالوں سے اپنے فائنل میرٹ لسٹ کا انتظار کرتے ہوئے کبھی اِس در اور کبھی اُس در، در بدر بھٹک رہے ہیں لیکن کوئی ان لوگوں کا پرسان حال نہیں ہے، لہذا پیر کو ان امیدواروں نے محکمہ اقلیتی فلاح کے وزیر محمد زماں کا خان کے گھر کا گھیراؤ کیا۔ بڑی تعداد میں یہ امیدوار ان کے گھر کے سامنے دھرنا پر بیٹھ گئے اور اپنی مانگوں کو لے کر نعرے بازی کی۔
محکمہ اقلیتی فلاح کے وزیر نے امیدواروں کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے فوراً گھر کے اندر بات چیت کی دعوت دی، اور گھر میں داخل ہونے پر بذات خود محکمہ اقلیتی فلاح کے وزیر زماں خان نے ان لوگوں کی باتوں کو بغور سنا اور فورا بی ایس ایس سی کے چیئرمین جناب محمد سہیل سے بات چیت کی اور پھر سی ایم او میں کسی سے فون پر گفتگو کرنے کے بعد امیدواروں کو یقین دلایا کہ 31 اگست تک ہر حال میں آپ لوگوں کا نتیجہ شائع ہوجائے گا۔
آپ کو بتا دیں کہ 2019 میں تقریبا تین دہائی بعد ریاست بہار میں 1294 معاون اردو مترجمین کی بحالی نکالی گئی تھی، اس بحالی کے پری ایگزام میں لاکھوں امیدواروں نے شرکت کی اور اس میں کوالیفائی کرنے والے امیدواروں کا مینس امتحان ہوا، اور اس میں کوالیفائی کرنے والے تقریبا 2000 امیدواروں کی کونسلنگ ہوئی۔ کونسلنگ ہوئے بھی آٹھ مہینے گزر چکے ہیں اس کے باجود فائنل میرٹ لسٹ شائع نہیں کی گئی ہے جس سے یہ امیدوار پریشان ہیں اورفائنل میرٹ لسٹ جاری کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔