گیا، پٹنہ: بہار میں پارلیمانی انتخابات کے پانچویں مرحلہ میں آج صبح سے پانچ انتخابی حلقوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ اس کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جن پانچ حلقوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے، ان میں سیتامڑھی، مظفرپور، حاجی پور، مدھوبنی حلقہ شامل ہیں۔ مدھوبنی میں انتخاب کے سبب بھارت نیپال کی سرحد کو 72 گھنٹے پہلے ہی سیل کر دیا گیا تھا۔ یہ نیپال کی سرحد پر واقع ہے۔ مدھوبنی میں علی اشرف فاطمی آر جے ڈی انڈیا اتحاد کی طرف سے امیدوار ہیں۔ بہار کی ان پانچوں نشستوں میں بڑے سیاسی رہنماؤں کی قسمت کا فیصلہ ہو رہا ہے۔ جن میں حاجی پور سے چراغ پاسوان، سارن سے راجیو پرتاپ روڈھی، اور لالو پرساد یادو کی بیٹی روہنی اچاریہ، سیتا مڑھی میں بہار قانون ساز کونسل کے اسپیکر دیویش چندر ٹھاکر ہیں۔ جب کہ مدھوبنی جہاں مسلم آبادی خاصی ہے وہاں صبح سے ہی ووٹروں کی لمبی قطار لگی ہوئی ہے۔ یہاں علی اشرف کا مقابلہ بی جے پی کے اشوک کمار یادو سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
ہم نے کیا کھونا ہے، جن کے پاس کھونے کو کچھ ہے وہ فکر کریں: تیجسوی - Tejashwi Yadav
حالانکہ یہاں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے بھی اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم کی طرف محمد وقار انتخاب لڑ رہے ہیں جب کہ دیگر اور پارٹیوں کے امیدوار ہیں۔ مدھوبنی میں کل 12 اُمیدوار کھڑے ہیں۔ 1939 پولنگ مراکز پر کل 19 لاکھ 34 ہزار 980 ووٹر ووٹ کریں گے۔ مدھوبنی سے 2014 سے پہلے مسلم رہنما رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔ ڈاکٹر شکیل احمد سابق مرکزی وزیر بھی مدھوبنی سے نمائندگی کرچکے ہیں۔