مرادآباد: مفتی سلمان ازہری کو اشتعال انگیز بیان بازی کے ایک معاملے میں گجرات اے ٹی ایس نے گزشتی 4 فروری کو ممبئی سے حراست میں لیا تھا۔ مفتی ازہری پر الزام ہے کہ انہوں نے گجرات کے جونا گڑھ علاقے میں اپنی ایک تقریر کے دوران عوام کو اکسانے والی بیان بازی کی تھی۔
اس پورے معاملے پر حج کمیٹی اتراکھنڈ اور مدرسہ بورڈ کے سابق چیئرمین مولانا زاہد رضا نے ای ٹی وی بھارت اُردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے مفتی سلمان ازہری کی وہ کلپ سنی ہے جس کو متنازع قرار دیاگیا ہے۔اس کلپ میں ایسی کوئی بات نہیں کہی گئی ہے جس پر انہیں گرفتار کیا جائے ۔
مولانا زاہد رضا نے کہا کہ انہیں مفتی سلمان اظہری کی تقریر میں کچھ بھی غلط نہیں لگا۔ وہ ایک اچھے مقرر ہیں۔لوگ ان کی تقاریر کو بے حد پسند کرتے ہیں۔یہ ملک قانون کے مطابق چلتا ہے۔ ہمارے ملک کے وزیراعظم نے سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشواس نعرہ دیا ہے۔ اس ملک کا قانون سب کے لیے برابر ہے لیکن کسی کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے اور کسی کو چھوڑ دیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بابری مسجد کے اصل ذمہ داری تو وہ ہیں جن کے دور میں مورتی رکھی گئی تھی: سابق وزیر شاہد منظور
انہوں نے ہری دوار میں ہوئی دھرم سنسد، نپور شرما کیس اور کئی مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب اس ملک کا آئین سب کو برابری کے حقوق دیتا ہے تو پھر ان لوگوں پر بھی کاروائی کیوں نہیں کی گئی۔