مرادآباد:اتر پردیش کے مرادآباد میں ایک ادھیڑ عمر شخص نے اپنی بیوی کا گلا کاٹ کر قتل کرنے کی کوشش کی۔ بعد میں خود کو چاقو سے وار کرکے خودکشی کرلی۔ بیوی کو خون آلود حالت میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے واقعے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعہ کی تفتیش شروع کر دی۔
مرادآباد کے تھانہ سول لائنز کے اگوانپور کے محلہ نیاریان کے رہائشی مقتول محمد سلیم کے چچیرے بھائی رفیع نے بتایا کہ سلیم اور اُن کی اہلیہ کے درمیان کسی نہ کسی بات کو لے کر روز جھگڑا ہوا کرتا تھا۔آج صبح بھی دونوں کے درمیان لڑائی جھگڑا ہوا۔یہ اتنا بڑھ گیا کہ پہلے سلیم نے اپنی بیوی کے گلے پر چاقو سے حملہ کیا اور پھر خود کے گلے کو چاقو سے ریت دیا۔ اس کے بعد سلیم کی موت ہو گئی۔ جبکہ ان کی اہلیہ کو دہلی روڈ پر واقع ایک پرائیویٹ ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں وہ زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی ہے۔ سلیم کی تین بیٹیاں ہیں، دو شادی شدہ ہیں جبکہ ایک گھر میں ان کے ساتھ رہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:راجسمند میں زیر تعمیرعمارت کی چھت گرنے سے 4 مزدور ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے
ایس پی سٹی اکھلیش بھدوریا نے بتایا کہ سلیم اور ان کی اہلیہ کے بیچ اکثر جھگڑا ہوا کرتا تھا۔ آج صبح بھی دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔ دونوں کے گلے کسی تیز دھار ہتھیار سے کاٹے گئے ہیں۔ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پہلے سلیم نے اپنی بیوی کے گلے پر حملہ کیا۔ پھر خود اپنے گلے کو تیز دھار دار ہتھیار سے ریت لیا جس میں سلیم کی موت ہو گئی۔ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ بیانات قلمبند کر کے مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔