کولکاتا: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کو مغربی بنگال میں تین مقامات پر بیک وقت چھاپہ اور تلاشی کی کارروائیاں کیں۔ سنٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) کے اہلکاروں کے ساتھ ای ڈی کے اہلکار سب سے پہلے ہاوڑہ ضلع کے سالکیا میں محمد حسین کے گھر پہنچے۔ اس کے فوراً بعد ای ڈی کی دوسری ٹیم سی اے پی ایف کے اہلکاروں کے ساتھ اسی ضلع کے للوہ میں منوج دوبے کی رہائش گاہ پر پہنچی۔
ای ڈی کی تیسری ٹیم نے کولکاتا کے شمالی مضافات میں بیلگھڑیا میں ایک سافٹ ویئر کمپنی کے ملازم رمیش پرساد کے گھر پر بھی اسی طرح کا چھاپہ مارا۔ بتایا جاتا ہے کہ تینوں مقامات پر بیک وقت چھاپے اور تلاشی کی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ ای ڈی کے افسران اس چھاپے کے بارے میں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ لیکن ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی گیمنگ ایپ سے متعلق سائبر کرائم کے حوالے سے ہے۔ یہ جرم اصل میں دہلی میں ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:تلنگانہ میں 700 کروڑ کا بھیڑ گھوٹالہ: ای ڈی نے محکمہ مویشی پالن سے تفصیلات طلب کیں
تاہم ذرائع نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا اس کارروائی کا ای-نوگیٹ گھوٹالے سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔ سنٹرل ایجنسی کے اہلکار پہلے ہی ای-نوگیٹ گھوٹالے میں کئی کروڑ روپے نقد، بینک اکاؤنٹ میں جمع اور کرپٹو کرنسی کی شکل میں ضبط کر چکے ہیں۔