بہار: ریاست بہار کے بھاگلپور میں واقع گاندھی شانتی پرتسٹھان اور صفالی یوا کلب کی طرف سے ایک عید ملن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور مسلم بھائیوں کو عید کی مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر کچھ شعراء نے اپنے کلام کے ذریعہ لوگوں کو عید کا پیغام دیا۔ تقریب میں شامل لوگوں نے کہا موجودہ وقت میں اس طرح کے پروگرام کی اہمیت بڑھ گئی ہے، کیونکہ معاشرے میں کچھ سیاسی پارٹیاں اپنے مفاد کے لیے نفرت کا زہر گھول رہی ہیں۔
اس پروگرام میں چھپرہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر فاروق علی نے نظامت کے فرائض ادا کیے۔ انہوں نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے منشی پریم چند کی ناول پنچ پرمیشور کا وہ تاریخی جملہ دہرایا کہ "کیا بگاڑ سے ڈر سے حق کی بات نہیں کروگے" انہوں نے کہا محبت کا پیغام عام کرنے کے ساتھ ہی انصاف پسند اور بھائی چارہ کے حامی لوگوں کے لیے ضروری ہوگیا ہے کہ وہ سچ کے ساتھ کھڑے ہوں۔ اور جس دن ایسا ہوگا نفرت ہار جائے گی۔ اس عید ملن تقریب میں سماجی کارکنوں اور عام لوگوں نے بھی شرکت کی اور اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
- گیا: آر جے ڈی امیدوار کی انتخابی مہم سے اردو نظرانداز
- گیا: پرامن ماحول میں عقیدت واحترام کے ساتھ عید الفطر کی نماز ادا کی گئی
بھاگلپور کے گاندھی شانتی پرتسٹھان میں گزشتہ کئی دہائیوں سے عید ملن، افطار پارٹی، ہولی ملن، کرسمس ملن اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد لوگوں میں بھائی چارہ کا پیغام عام کرنا ہے۔ تاکہ معاشرے کا سماجی تانا بانا بنا رہے۔ اس موقع پر سماجی کارکن، محمد محبوب، جاوید تقی، اکرام حسین شاد، اور دیگر لوگوں نے شرکت کی۔