سرینگر: آرٹس امپوریم سرینگر ان دنوں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔کیونکہ اس میں ووڈ کارونگ کے ماہر کاریگر غلام نبی زرگر کے ایسے پُر کشش اور دلکش فن پارے نمائش کے لیے رکھے گئے جو کہ ہر ایک کے دل موہ لیتے ہیں۔"نو یوور آرٹیزن " کے تحت محکمہ ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کی جانب سے اس خاص نمائش کا اہتمام کیا گیا۔
ایگزیبشن میں اس ماہر دستکار کے وہ نمونے دیکھنے کو مل رہے ہیں جو کہ عام طور پر اخروٹ کی لکڑی پر شازو نادر ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ایسے میں یہ فن پارے اگرچہ اپنی الگ الگ کہانی پیش کرتے ہیں۔ تاہم اس ٹیبل پر کئی گئی نقش و نگار وادی کشمیر کے پرانے دور کی عکاسی کرتی ہیں۔ غلام نبی زرگر کہتے ہیں کہ کشمیر کے صدیوں پرانے دور کو شکل و صورت میں بیان کرنے کے لیے مجھے تین برس کا عرصہ لگا۔
نمائش میں رکھی گئی ان خوبصورت اور منفرد نمونوں کا مشاہدہ کرنے کے لیے نہ صرف مقامی لوگ آرہے ہیں بلکہ سیاح بھی اس طرح کے فن پاروں کو دیکھ کر بے حد متاثر ہورہے ہیں۔ غلام بنی زرگر کے شاگرد عرفان احمد بیگ کہتے ہیں کہ میں نے بھی ان سے متاثر ہوکر بارہویں جماعت کے بعد ووڈ کارونگ کا پیشہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نمائش کے دوران لوگ میرے استاد کے کام کی بے حد سراہنا کررہے ہیں جس سے مجھے نہ صرف خوشی ہورہی ہے بلکہ تحریک بھی مل رہی ہے۔
غلام نبی زرگر کہتے ہیں کہ ووڈنگ کارنگ کے اس فن کو سیکھ کر یہاں کے پڑے لکھے نوجوان اپنا روزگار بہتر اور باعزت طریقے سے کما سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں اور کالجوں میں بھی دیگر مضامین کی طرح یہاں کی قدیم دستکاریوں کو بھی ایک مضمون کے طور پڑھایا جانا چاہیے تاکہ پڑھے لکھے نوجوان آگے جاکر سرکاری نوکری کے پیچھے بھاگنے کے بجائے خود روزگار کمانے کے اہل بن جائے۔
کشمیر کی قدیم دستکاریوں کو زندہ رکھنے اور نئے نسل تک پہنچانے کے لیے محکمانہ سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے وہیں اس طرح کے دستکاروں کی ماہرین صلاحیتوں کو مستقبل کی خاطر بروے کار لانے کی بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔