جموں و کشمیر: جموں و کشمیر کے مختلف خطوں میں آج ووٹنگ کا آغاز ہوا۔ یہ ووٹنگ ڈوڈا، کشتواڑ اور رامبن کی آٹھ اسمبلی نشستوں کے 1,328 پولنگ اسٹیشنوں پر سخت سیکورٹی کے ساتھ شروع ہوئی۔ جہاں 7.14 لاکھ سے زیادہ اہل ووٹرز ہیں، جو دس سال بعد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 64 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ اس علاقے میں پچھلے تین مہینوں میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں چھ فوجی اہلکار اور چار عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
جموں خطے کے ان تین اضلاع (ڈوڈا، کشتواڑ اور رامبن) کے علاوہ، انتخابات کے پہلے مرحلے میں جنوبی کشمیر کے چار اضلاع اننت ناگ، پلوامہ، کولگام اور شوپیاں بھی شامل ہیں، جہاں 16 اسمبلی نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔
پہلے مرحلے میں 35,000 سے زیادہ کشمیری پنڈتوں کو ووٹ ڈالنے کے لیے جموں، ادھم پور اور دہلی میں 24 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں 16 اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ کے لیے کشمیری پنڈت رجسٹرڈ ہیں۔ الیکشن حکام کے مطابق ووٹنگ شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں:
خواتین اور معذور افراد کے لیے خصوصی پولنگ اسٹیشن لگائے گئے ہیں اس کے علاوہ ماحولیاتی پیغامات کو فروغ دینے کے لیے گرین پولنگ اسٹیشن اور دیگر منفرد پولنگ اسٹیشن بھی قائم کیے گئے ہیں۔
یہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کے خاتمے اور سابق ریاست کی دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کے بعد پہلا اسمبلی انتخاب ہے۔ آخری اسمبلی انتخابات 2014 میں ہوئے تھے۔ انتخابات کا دوسرا مرحلہ 25 ستمبر کو 26 نشستوں پر ہوگا، جبکہ تیسرا اور آخری مرحلہ 1 اکتوبر کو 40 نشستوں پر ہوگا اور ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔