گاندربل (جموں کشمیر): فارسٹ پروٹیکشن فورس، گاندربل اور محکمہ جنگلات نے سونہ مرگ میں غیر قانونی طور کاٹی گئی چنار کے درخت کی لکڑی کو ضبط کر کے تسکری کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ لکڑی کو اسمگل کرنے کے لیے استعمال میں لائے جا رہے ٹرک کو بھی سیز کر دیا گیا ہے اور اس ضمن میں مقامی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
فاریسٹ پرٹیکشن فورس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد یوسف ماگرے، نے میڈیا بتایا کہ ٹمبر اسمگلنگ سے متعلق موصول ہوئی ایک مصدقہ اطلاع کے بعد سونہ مرگ میں ایک ایل پی ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر 9622-JK22 کو ایک ناکہ چیکنگ کے دوران روک کر اس کی تلاشی لی گئی جس میں سے غیر قانونی طور پر کاٹی گئی چنار کے درخت کی لکڑی بر آمد ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ چنار درخت کی لکڑی کو لداخ اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جسے فاریسٹ پروٹیکشن فورس اور محکمہ جنگلات نے ناکام بنا دیا۔
عہدیداروں نے مزید بتایا کہ اسمگلروں نے چنار کے درخت کو قالین سے ڈھک دیا گیا تھا تاکہ فاریسٹ چیک پوسٹس پر چیکنگ کے دوران چنار کی لکڑی کو عہدیداروں کی نظروں میں نہ آ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فاریسٹ پروٹیکشن فورس اور محکمہ جنگلات کے مستعد عملہ نے اسمگلروں کی اس کوشش کو ناکام بناتے ہوئے لکڑی سمیت ٹرک کو بھی فاریسٹ ایکٹ کے تحت ضبط کر لیا ہے اور اس ضمن میں بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تاہم حیران کن طور پر ٹرک نے گاندربل کے ناگہ بل چیک پوائنٹ کو چکمہ دینے اور سونمرگ چیک پوسٹ تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ترال میں ٹمبر اسمگلر گرفتار