سرینگر: منشیات کی لعنت کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیر میں دس منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے بڑی مقدار میں ممنوع نشیلی اشیاء برآمد کی ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس پوسٹ میرگنڈ کی ایک پارٹی نے میر گنڈ پٹن میں ایک ناکے کے دوران ایک ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر JK05K – 7086 کو روکا جو سرینگر سے بارہمولہ کی طرف آ رہا تھا اور اس ٹرک میں تین افراد سوار تھے۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 13 سیرپ اور ایک پلاسٹک بوتل بر آمد کی گئی جن میں ایک لیٹر کوڈین فاسفیٹ مادہ بھرا ہوا تھا۔ بیان کے مطابق مذکورہ تینوں افراد کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن پٹن میں بند رکھا گیا اور ٹرک کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔گرفتار شدگان کی شناخت فیروز احمد ڈار ولد محمد امین ساکن کھمبیار پٹن، اعجاز احمد وانی ولد نذیر احمد ساکن پلہالن پٹن اور گلزار احمد ڈار ولد محمد اکبر ساکن وانی گام کریری کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن پٹن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلے دو مہینوں کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 39 مقدمے درج کرکے 62 منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کی زائد از ایک کروڑ روپے مالیت کی جائیدادوں کو ضبط کیا ہے۔
ادھر کولگام پولیس نے موہی پورہ ٹینگ پورہ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی جس دوران گاڑی سے پانچ کلو فکی برآمد ہوئی ۔ پولیس نے گاڑی میں سوار چار افراد جن کی شناخت مدن لال ولد شنگرا رام ساکن گرداس پور ، موہن سنگھ ولد دلیپ سنگھ ساکن کاٹھاری گرداس پور، منظور احمد ولد عبدالصمد یر اور محمد افضل ساکنان ٹینگ بل کولگام کے بطور ہوئی کی گرفتاری عمل میں لائی۔
گاندربل پولیس نے نارا ناگ کنگن کے نزدیک معروف احمد جاگل ساکن نارا نانگ کنگن کو روک کر اس تلاشی لی جس دوران اس کے قبضے سے ممنوع نشیلی اشیاء برآمد ہوئی۔ پولیس نے موقع پر ہی منشیات فروش کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ علاوہ ازیں سوپور پولیس نے نوپورہ کلان کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران ایک موٹر سائیکل جس پر دو افراد سوار تھے کو روک کر ان کی تلاشی لی گئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق جامہ تلاشی کے دوران منشیات فروشوں کے قبضے سے 110 گرام ممنوع نشیلی اشیاء برآمد ہوئی۔
مزید پڑھیں: کولگام میں منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد قرق، پولیس
پولیس نے منشیات فروشوں کی شناخت نصیر احمد خانم ولد اشرف خان ساکن نو پورہ کلان اور م عراج الدین شیخ ولد عبدالرشید شیخ ساکن سیلو سوپور کے بطور کی ہے۔ پولیس نے کہاکہ دونوں کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔
(یو این آئی)