پلوامہ (جموں و کشمیر): گورنمنٹ ڈگری کالج راجپورہ میں سوچھتا پکھواڑا پروگرام میں شادی مرگ بلاک کے تمام اسکولوں اور ہائیر سیکنڈری اسکول کے بچوں اور ذمہ داروں نے شرکت کی اور ملک کو ہرا بھرا، خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کے لیے اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کا عہد لیا۔
اس موقعے پر شادی مرگ بلاک کے مختلف علاقوں سے طلباء اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اسکول کے اندر اور ارد گرد صفائی مہم چلائی۔
پروگرام کے انعقاد کا بنیادی مقصد طلباء اور عام لوگوں کو اس بات سے آگاہ کرنا ہے کہ ملک کو کس طرح صاف ستھرا اور خوبصورت رکھنا ہے اور اس مقصد کے لیے اپنا کردار کیسے ادا کرنا ہے۔
پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول دربگام پلوامہ منظور احمد نے کہا کہ صحت مند زندگی گزارنے کے لیے صفائی ایک اہم حصہ ہے اور اس کے بارے میں آگاہی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء ہمارا اور ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور انہیں روشناس کرانے سے ہمارا مستقبل بھی روشن ہوگا ساتھ ہی ساتھ ملک کو صاف ستھرا بنانے میں مدد ملے گی۔
پروفیسر گورنمنٹ ڈگری کالج راجپورہ رومیسہ نذیر نے کہا کہ ہمیں آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی توجہ دینی چاہیے کہ اسے زمینی سطح پر کیسے نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا کے ذریعہ لوگوں کو اچھی معلومات ہیں مگر اس کو عملی زندگی میں کیسے لانا ہے اس پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: