بارہمولہ (جموں کشمیر) : موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ نے ڈاک بنگلوو، بارہمولہ میں قومی روڈ سیفٹی ماہ-2024 کی اختتامی تقریب منعقد کی۔ ڈپٹی کمشنر منگا شیرپا نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریب کی صدارت کی جبکہ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر، کشمیر، سید شاہنواز بخاری سمیت محکمہ ٹریفک کے عملہ و افسران کے علاوہ ڈرائیوروں اور مقامی طلبہ و طالبات کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر بارہمولہ، منگا شیرپا، نے تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے حادثات کو کم کرنے کے لئے ٹریفک قوانین پر پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ جات سے ٹریفک قوانین کے سختی سے نفاذ کے علاوہ ڈرائیوروں سے بھی قوانین پر عمل کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ جات سے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی کو عام کرنے اور ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے روڈ سیفٹی ماہ کے دوران ضلع بھر میں متعدد بیداری پروگرامز کے انعقاد میں موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کی کوششوں کی سراہنا کی۔ ڈی سی بارہمولہ نے ٹرانسپورٹرز، گاڑیوں کے مالکان، ڈرائیوروں، کنڈیکٹرز، مسافروں سمیت راہگیروں پر ٹریفک قوانین کا علم حاصل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
پروگرام کے حاشیہ پر ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر، نے روڈ سیفٹی ماہ کے حوالہ سے کہا کہ اس دوران ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی کو عام کیا گیا۔ انہوں نے کہا: ’’طلبہ - جو مستقبل کے قومی معمار ہیں - کو بھی ٹریفک قوانین سے آگاہ کیا گیا۔ قومی روڈ سیفٹی محض خانہ پوری نہیں بلکہ ایک مشن ہے جسے اس ماہ کے لیے ہی محدود نہیں رکھا جا سکتا۔‘‘
مزید پڑھیں: بجبہاڑہ میں ڈرائیوروں کے لیے بیداری پروگرام منعقد
تقریب میں ڈی سی، آر ٹی او کے علاوہ اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر بارہمولہ معظم علی اور سومو اسٹینڈ بارہمولہ، سوپور، ٹنگمرگ، پٹن، اوڑی کی سبھی ٹرانسپورٹ یونین کے زعماء نے شرکت کی۔