پلوامہ (جموں و کشمیر): ملک اور عوام کی حفاظت کے دوران اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرنے والے جوانوں کے لیے ملکی سطح پر کئی طرح کے پروگرام شروع کیے گئے ہیں تاکہ ان جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔
اس سلسلے میں جہاں مرکزی سرکار کی جانب سے ایک مہم شروع کی گئی ہے جس کا عنوان ہے ’ایک پیڑ شہیدوں کے نام‘ وہیں یہ مہم ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی جاری و ساری ہے۔ دوسری جانب جموں کشمیر انتظامیہ اور جموں وکشمیر پولیس نے کئی تعلیمی اداروں، پلوں اور اسٹیڈیم کے نام بدل کر ڈیوٹی کے دوران ہلاک کئے گئے پولیس اور فورسز اہلکاروں کے نام کر دیے ہیں۔
ایل جی منوج سنہا کی قیادت میں انتظامیہ نے وادی میں کئی تعلیمی اداروں، پلوں اور دیگر عوامی مقامات کے نام تبدیل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس ضمن میں ضلع انتظامیہ پلوامہ کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ گورنمنٹ ہائی اسکول سنگروانی کا نام تبدیل کرکے متوفی ہیڈ کانسٹیبل محمد امین بجاڈ کے ساتھ اسکول کا نام منسلک کرے۔
دوسری جانب لاسی پور کے کھیل کا میدان کو ہیڈ کانسٹیبل انوپ سنگھ کے نام سے منسلک کیا جائے۔ اس سلسلے میں ہیڈ کانسٹیبل انوپ سنگھ کے اہل خانہ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت خوش ہیں اور انتظامیہ یا پولیس وقتاً فوقتاً وطن کے لیے قربانی دینے والے لوگوں کو یاد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے ہمارا حوصلہ مزید بلند ہوتا ہے اور ہمیں فخر ہوتا ہے کہ ہم ان کے بیٹے بیوی یا بیٹیاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر پولیس یا سِوِل انتظامیہ ہرممکن مدد فراہم کرنے کے لئے کوشاں رہتی ہے اور ہر وقت مدد کرتی ہے جس کے لئے ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
دوسری جانب متوفی ہیڈ کانسٹیبل محمد آمین بجاڈ کے بیٹے نے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم جموں وکشمیر انتظامیہ کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہے کہ انہوں نے اس طرح کا قدم اٹھایا ہے۔
اس طرح کے اقدام سے بچوں اور دیگر کو بھی ایک حوصلہ ملے گا کہ وہ بھی اپنے وطن کے لیے کچھ کریں۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ متوفی ہیڈ کانسٹیبل محمد امین بجاڈ 5 مئی سال 2020 کو جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے فریسل یاری پورہ علاقے میں عسکریت پسند کے حملے میں ہلاک ہوگئے تھے جو ضلع پلوامہ کے سنگروانی سے تعلق رکھتے تھے۔
وہیں دوسری جانب ہیڈ کانسٹیبل انوپ سنگھ سال 2020 میں ضلع پلوامہ کے مورن چوک علاقے میں ڈیوٹی کے دوران عسکریت پسند کے ایک حملہ میں ہلاک ہوگئے تھے جو ضلع پلوامہ کے سادی پورہ علاقے سے تعلق رکھتے تھے۔
اس سے قبل بھی ضلع پلوامہ کے کئی اسکولوں اور دیگر اہم مقامات کے نام دیگر ہلاک شدہ اہلکاروں کے نام کے ساتھ منسلک کئے گئے ہیں۔ اگرچہ کچھ کا نام تبدیل کردیا گیا ہے لیکن ابھی باقی جگہوں کا نام تبدیل ہونا باقی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: