منڈی:ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سابق سرپنچ چوہدری کامران بشیر, مشتاق احمد و دیگر مقامی شہریوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لورن میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی گاڑی نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ میں آئے روز آتشزدگی کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔
جس دوران متاثرین کو لاکھوں مالیت کا نقصان ہوتا ہے۔ تاہم باوجود اس کے بلاک لورن کو انتظامیہ کی جانب سے نظر انداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ چند ماہ قبل لورن کے لیے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی گاڑی دی گئی۔ اس کو لیکر علاقہ کے لوگوں میں خوشی کی لہر تھی کہ اب لوگوں کو آتشزدگی کے دوران ہونے والے نقصانات سے راحت میسر ہوگی۔ لیکن بدقسمتی سے ایک ماہ کے بعد ہی بغیر کسی وجہ کے گاڑی کو واپس لے جایا گیا ہے۔ اس کے بعد علاقہ میں آتشزدگی سے جنگلات, رہائشی مکانات, گھاس, وغیرہ کا بھاری نقصان ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے بجبہاڑہ میں جہلم پروجیکٹ کا افتتاح کیا
چونکہ گاڑی یہاں ہونے سے آگ پر بروقت قابو پانے میں آسانی ہوتی تھی۔ لیکن اب گاڑی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کی پریشانیوں میں دن بدن مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس سے مقامی باشندوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی گاڑی کو منڈی سے لورن تک پہنچنے کے لیے گھنٹوں لگ جاتے ہیں۔ جس کی بڑی وجہ یہی ہے کہ سڑک کی ابتر حالت ہے اور سڑک بدحالی کے سبب گاڑی وقت پر لورن بلاک کے دوردراز علاقوں میں نہیں پہنچ پاتی ہے۔