اننت ناگ (جموں کشمیر) : امرناتھ یاترا 2024 کے سلسلے میں جنوبی کشمیر کے معروف سیاحتی مقام پہلگام میں پولیس کی جانب سے ماک ڈرل کا اہتمام کیا گیا۔ مال ڈرل ایس ایس پی اننت ناگ کی قیادت میں پولیس نے انجام دی جبکہ سنٹرل ریزرو پولیس (سی آر پی ایف) کے کمانڈنٹ سمیت دیگر سیکورٹی ایجنسیز کے افسران بھی موجود رہے۔
ایس ایس پی، اننت ناگ، ڈاکٹر جی وی سندیپ نے اس حوالہ سے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ’’مال ڈرل کا مقصد ملک کے مختلف علاقوں سے وارد ہونے والے امرناتھ یاتریوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا اور یاترا کو پر امن اور خوش اسلوبی کے ساتھ انعقاد کرنے کو یقینی بنانا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں قبل از وقت ہی سکیورٹی کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ امرناتھ یاتری سکیورٹی ایجنسیز کو اپنا بھرپور تعاون فراہم کریں گے اور پروٹوکول کی پاسداری کو بھی یقینی بنائیں گے۔
واضح رہے کہ امرناتھ یاترا 2024 رواں ماہ کی 29 تاریخ شروع ہو رہی ہے۔ یاتریوں کا پہلا قافلہ جموں سے 28 جون کو کشمیر وارد ہوگا جبکہ پہلگام کے نونہ وَن بیس کیمپ میں رات بھر قیام کرنے کے بعد یاتریوں کا پہلا قافلہ ہفتہ کی صبح پوتر امرناتھ گھپا کی جانب روانہ ہوگا جہاں شردھالو شیو لنگم کا درشن کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امرناتھ یاترا 2024 کے لئے انتظامات کو دی جارہی ہے حتمی شکل