اننت ناگ: اننت ناگ راجوری لوک سبھا نشست کے لئے انتخابات قریب آتے ہی سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے رائے دہندگان کو راغب کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں، جس کے لیے سرعت سے انتخابی مہم چلائی جا رہی ہے۔ ڈی ڈی سی ممبر اور پی ڈی پی کے رہنما تصدق ویری نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محبوبہ مفتی ایک واحد ایسی سیاست دان ہیں، جو پارلیمنٹ میں عوام کی بہتر نمائندگی کرنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت جموں کشمیر کے لوگ مشکلات میں ہیں، جموں کشمیر مرکزی سرکار کے زیر کنٹرول ہے، بلا واسطہ طور پر مرکزی سرکار کی حکومت جموں کشمیر پر مسلط ہے۔ اس لیے لوگوں کو سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہیے اور اپنے حق رائے دہی کے ذریعہ بہتر اور قابل امیدوار کو پارلیمنٹ میں بھیجنا چاہیے۔
تصدق نے کہا کہ لوگ سمجھدار ہیں، انہیں پتہ ہے کہ محبوبہ مفتی نے ماضی میں پارلیمنٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس لیے توقع کی جارہی ہے کہ عوام ان کی آواز سے اپنی آواز ملا کر انہیں پھر سے پارلیمنٹ میں جانے کا موقع دیں گے۔
مزید پڑھیں:
- بی جے پی کے پاس کہنے کو کچھ بھی نہیں: محبوبہ مفتی
- جو چھینا گیا وہ سود سمیت واپس لیں گے: محبوبہ مفتی
- دفعہ 370 ہٹانے سے مسئلہ کشمیر ختم نہیں ہوا بلکہ اور پیچیدہ ہوگیا: محبوبہ مفتی
انہوں نے کہا کہ آج سڑک بجلی پانی کے مسائل کی بات نہیں ہے، بلکہ جموں کشمیر سے متعلق کچھ ایسے بڑے مسائل ہیں، جن کو اجاگر کرنے کے لیے محبوبہ مفتی سے بڑھ اور کوئی آواز نہیں ہو سکتی، لہذا لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ بائیکاٹ سے اجتناب کریں اور پی ڈی پی کے حق میں اپنی حق رائے دہی کا استعمال کریں۔