بارہمولہ: شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے اوڑی علاقہ میں سکیورٹی فورسز نے لشکر طیبہ سے وابستہ عسکریت پسند معاون کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اوڑی کے کمل کوٹ مندیان علاقے میں عسکریت پسندوں کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی فورسز نے ناکہ لگایا جس دوران مشتبہ نوجوان نے سکیورٹی فورسز کو دیکھتے ہی راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ سلامتی عملے نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر عسکریت پسند معاون جس کی بعد میں شناخت فاروق احمد کھوکر ولد سلام الدین کھوکر ساکن کالسی کمل کوٹ کے بطور ہوئی ہے کو دھر دبوچا ۔
مزید پڑھیں: سوپور میں انکاؤنٹر شروع
موصوف ترجمان کے مطابق نوجوان کے قبضے سے ایک پستول ، دو میگزین اور بیس گولیوں کے راؤنڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
واضح رہے کہ سوپور کے چیک محلہ نو پورہ گاؤں میں جمعرات کی شام عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیاں گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا ہے۔سکیورٹی فورسز نے علاقہ کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا ہے۔آخری اطلاع ملنے تک علاقہ میں گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔
(یو این آئی مشملات کے ساتھ)