شوپیاں (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے ناگہ بل علاقے میں واقع تیرتھ راج کپال موچن مندر میں خصوصی پوجا پاٹ انجام دی گئی۔ اس تاریخی مندر میں منعقد کی گئی پوجا پاٹ میں ملک کے مختلف علاقوں سے آئے سینکڑوں شردھالوؤں نے شرکت کی اور اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔ تیرتھ راج کپال موچن مندر اپنی قدیم اور روحانی اہمیت کے لیے کافی مشہور ہے اور شردھالوؤں کے لیے ایک اہم مذہبی مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔
پوجا کے دوران مندر کے پجاریوں نے مختلف اور منتروں کا جاپ کیا اور شردھالوؤں نے مورتیوں کے سامنے اپنے نذرانے پیش کیے۔ اس موقع پر مندر کو شردھالوؤں کے لیے سجایا گیا تھا اور ان کی سہولت کے لیے خاطر خواہ انتظامات بھی کیے گئے تھے۔ کشمیر کی ثقافتی اور مذہبی تنوع کی اہمیت کا حامل یہ مندر یہاں کی قدیم اور تاریخی مذہبی ہم آہنگی کی ایک مثال ہے، جہاں مختلف مذاہب کے لوگ مل جل کر امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں۔
نامساعد حالات کے دوران یہاں انتہائی کم شردھالو اس پوجا پاٹ میں شریک ہوتے تھے تاہم گزشتہ برسوں سے شردھالوؤں کی آمد میں اضافہ ہوا ہے۔ شردھالوؤں کا کہنا ہے کہ انہیں یہاں آکر اپنی عقیدت کا اظہار کرنے سے جس سے نہ صرف ان کی روحانی تسکین ہوتی ہے بلکہ اس سے کشمیر کی سیاحت کو بھی فروغ ملتا ہے۔
منتظمین کے مطابق اس خصوصی پوجا پاٹ کا مقصد نہ صرف روحانی تطہیر ہے بلکہ یہ کشمیر میں مذہبی ہم آہنگی اور امن کا پیغام بھی ہے۔ اس طرح کے مواقع لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور ثقافتی ورثے کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جنوبی بھارت خاص کر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک شردھالو نے کہا کہ انہوں نے قریب 500افراد کے ہمراہ اس مندر میں پوجا پاٹ میں شرکت کا ارادہ کیا تھا تاہم جموں میں ہوئے حالیہ حملوں کے باعث محض تین سو شردھالوؤں نے ہی اس پوجا پاٹ میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پران پرتشٹھا، سرینگر میں بھی خصوصی تقریب کا اہتمام