سرینگر (جموں کشمیر) : حرمین شریفین سے عازمین حج کی واپسی کا سلسلہ آئندہ کل سے شروع ہو رہا ہے۔ جموں وکشمیر کے حجاج کرام کا پہلا قافلہ 22 جون یعنی ہفتے کو سرینگر پہنچ رہا ہے۔322 عازمین پر مشتمل پہلی پرواز سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صبح ساڑے 8 بجے لینڈ ہوگی۔ جموں وکشمیر حج کمیٹی کے مطابق 23 جون کو دو مزید پروازیں عازمین کو لے کر کشمیر آ رہی ہیں جو بالترتیب صبح ساڑھے 11 بجے اور سہ پہر 4 بجکر 25 منٹ پر پہنچیں گی۔
بتا دیں کہ حج 2024 کے دوران 65 بھارتی عازمین فوت ہوئے ہیں جن میں ایک جوڑا سمیت وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے 10 عازمین بھی شامل ہیں۔ ایسے میں کشمیر کی 5 خواتین عازمین کی میدان عرفات اور مزدلفہ میں ’’ہیٹ اسٹروک‘‘ Heat Strokeسے موت واقع ہوئی ہے۔ ان خواتین میں 4 کا تعلق ضلع سرینگر سے ہے جبکہ ایک خاتون کا تعلق جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع سے ہے۔
سعودی عرب میں مقدس حج کے دوران درجہ حرارت 48 ڈگری سیلشیش تک پہنچ گیام تاہم اس کے باوجود حجاج کرام اپنے مذہبی فرائض انجام دینے میں ثابت قدم رہے۔ قابل ذکر ہے جموں وکشمیر سے اس مرتبہ 7 ہزار سے زائد عازمین نے فریضہ حج انجام دیا۔ جن میں تقریباً 6 ہزار 8 سو عازمین سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہوئے تھے جبکہ 5 سو زائد عازمین ملک کے دیگر ایمبارکیشن پائنٹس کے ذریعے سفر محمود پر روانہ ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: حج 2024: جموں وکشمیر سے 8 ہزار سے زائد عازمین منتخب