جموں: سائنس اور ٹکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج جموں كے كٹھوعہ میں کہا کہ وادی کشمیر میں سیکورٹی فورسیز کے دباؤ سے بے چین عسکریت پسند بھاگ رہے ہیں اور اپنی سرگرمیوں کا مرکز جموں خطے كی طرف منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن جموں خطہ پر توجہ منتقل کرنے کا عسکریت پسندوں کا منصوبہ کامیاب نہیں ہوگا۔
کھٹوعہ کے جی ایم سی اسپتال میں کامیاب آرتھوپیڈک سرجری سے گزرنے والے زخمی شہری اوم پرکاش کی عیادت اور آنجہانی کمل جیت شرما کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ سرحد پار سے عسکریت پسندی کے اسپانسرز جس بنیادی فرق كو سمجھنے میں ناکام رہتے ہیں وہ یہ ہے کہ وہ اس خطے میں مقامی آبادی کی بنیادی حمایت کبھی حاصل نہیں کر پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہیرا نگر سیکٹر سمیت یہ پورا خطہ جہاں یہ واقعہ پیش آیا ہے وہاں ایسے لوگ آباد ہیں جو بنیادی طور پر قوم پرست اور محب وطن ہیں، اور یہ موجودہ واقعہ کے دوران بھی ظاہر ہوا جہاں عام شہری نہ صرف فیصلہ کن کارروائیوں میں سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہے بلكہ مشتبہ عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کے بارے میں معلومات فراہم كرنے اور چھپے عسکریت پسندوں کو پکڑنے میں سیکورٹی فورسز کی مدد بھی كی۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ پنڈت پریم ناتھ ڈوگرا کی سرزمین ہونے کے ناطے اس خطہ کے لوگوں نے کئی دہائیوں سے ملک دشمن طاقتوں کے خلاف ہر شکل میں جدوجہد کی ہے اور اس لیے عسکریت پسندوں اور ان کے سرپرستوں کو ایک بار پھر ہمیشہ کے لیے یہ سمجھ لینا چاہیے کہ اس خطے میں ہند مخالف عسکریت پسندوں کے بیج بونے کی ان كی کوشش نہ صرف ناكام ہوگی بلکہ انہیں ایک مناسب سبق بھی سکھائے گی۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اس طرح کے واقعات عسکریت پسندی کے آخری مرحلے میں داخل ہونے اور عسکریت پسند اپنے آپ کو اپنے انجام تک پہنچانے کا بھی اشارہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے برعکس وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی والی حکومت نے دنیا کے سامنے صحیح وقت اور صحیح جگہ پر حملہ کرنے کی اپنی صلاحیت کو ثابت کیا ہے جو سرجیکل اسٹرائیک اور اسی طرح کی دیگر فیصلہ کن کارروائیوں سے ظاہر ہوا تھا جو کہ 2018ء میں کئے گئے تھے۔
سول انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہم آہنگی کی ستائش کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ "آج سیکورٹی ماہرین کی طرف سے کچھ اہم تجاویز موصول ہوئی ہیں جو متعلقہ حکام کے سامنے رکھی جائیں گی ۔"ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وی ڈی جی (گاؤں کے دفاعی گروپس) کو دوبارہ فعال کرنے اور مزید موثر بنانے کے عمل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی ضرورت ہو وہاں حفاظتی چوکیاں بھی قائم کی جائیں گی۔