گاندربل (جموں کشمیر) : گاندربل پولیس نے چوری اور جعلسازی کے خلاف جاری مہم میں اہم کامیابی حاصل کی ہے، جس دوران 68 گمشدہ اور چوری شدہ موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی سائبر سیل گاندربل نے آن لائن مالیاتی دھوکہ دہی کے مختلف کیسز میں 16 لاکھ 3 ہزار 449 روپے کی رقم برآمد کر کے متاثرین کے اکاؤنٹس میں واپس جمع کر دی ہے۔
گاندربل پولیس کے مطابق شہریوں کی شکایات کے ازالے اور ان کی سہولت کے لیے سائبر سیل گاندربل نے سال 2024 کے دوران متعدد درخواستیں وصول کیں، جن میں موبائل فونز کے گم یا چوری ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔ ایس آئی گوہر نذیر کی زیر قیادت سائبر سیل کی خصوصی ٹیم اور ایڈیشنل ایس پی گاندربل ملک اعجاز کی نگرانی میں مختلف مقامات سے 68 موبائل فونز کا پتہ لگا کر ان میں سے 50 فونز پہلے ہی مالکان کے حوالے کیے جا چکے ہیں، جبکہ پریس بریفنگ کے دوران مزید 18 فونز ان کے قانونی مالکان کو واپس کیے گئے ہیں۔
آن لائن مالی فراڈ کے کیسز میں 11 لاکھ 45 ہزار 660 روپے کی رقم کو بروقت روک کر مزید نقصان سے بچا لیا گیا۔ عوام نے سائبر سیل کی اس تیز رفتار کارروائی کو سراہا ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال میں احتیاط برتیں، مضبوط پاس ورڈ استعمال کریں اور کسی سے پاس ورڈ یا او ٹی پی شیئر نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: امیر بننے کے چکر میں 13 کروڑ روپے کا نقصان! واٹس ایپ پر لنک بھیج کر بزرگ شخص کے ساتھ دھوکہ دہی