کپواڑہ: سرحدی ضلع کپواڑہ کے کرناہ علاقے میں سکیورٹی فورسز نے کراس بارڈر عسکریت پسند ماڈیول کا پردہ فاش کرکے پانچ اعانت کاروں کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایس ایس پی کپواڑہ یوگل منہاس نے آج اس حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کو ایک معتبر ذرائع سے اطلاع موصول، سج کے بعد کپواڑہ پولیس ، نو پیرا فیلڈ رجمنٹ نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران کراس بارڈر ملیٹینٹ ماڈیول کا پردہ فاش کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی زیر قبضہ کشمیر میں مقیم دو لشکر ہینڈلرز جن کی شناخت منظور احمد شیخ عرف شکور ولد ولی محمد شیخ ساکن گابرا کرناہ اور قاضی محمد خوشحال ولد قاضی سعید یاسین ساکن دھانی کرناہ حال پی او کے کے بطور ہوئی ہے کے ذریعے بھیجے گئے ہتھیار اور گولہ بارود کی اسمگلنگ میں ملوث "دہشت گردی" کے ایک ماڈیول کے بارے میں جانکاری موصول ہوئی۔
موصوف ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس نے ہتھیاروں کی اسمگلنگ میں ملوث ظہور احمد بٹ ولد نور حسین بٹ ساکن ریر سدھی پورہ کرناہ کی گرفتاری عمل میں لاکر اس کے قبضے سے ایک اے کے رائفل ، ایک میگزین،بیس گولیوں کے راونڈ،دو پستول اور دو پستول میگزین برآمد کرکے ضبط کئے۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ مذکورہ پاکستانی ہینڈرلز ظہور جو کہ لائن آف کنٹرول کے قریب ہی واقع ایک گاؤں کا رہائشی ہے کے ساتھ بھی رابطے میں تھے۔
مزید پڑھیں: اننت ناگ میں عسکریت پسند معاون کی جائیداد اٹیچ: پولیس
انہوں نے کہا کہ تفتیش اور لیڈز کی بنیاد پر مزید چار عسکریت پسند معاونین جن کی شناخت خورشید احمد راتھر ولد محمد یوسف راتھر ساکن گابرا کرناہ ، مدثر شفیق ولد شفیق احمد ساکن گابرا کرناہ ، غلام سرور راتھر ولد محمد یوسف راتھر ساکن گابرا کرناہ اور قاضی فاضل الٰہی ولد قاضی محمد انور کے بطور ہوئی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور ان کے قبضے سے پانچ شارٹ رائفلیں، پانچ اے کے میگزین،اور سولہ اے کے راونڈ برآمد کئے گئے۔
ایس ایس پی کپواڑہ یوگل منہاس نے کہا کہ پولیس نے اس معاملے کی بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی ہے اور کراس بارڈر اسلحہ اسمگلنگ کے حوالے سے مزید انکشافات متوقع ہے۔