جموں (جموں کشمیر) : الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے جموں کشمیر میں مجوزہ اسمبلی انتخابات کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ای سی آئی نے ووٹر لسٹوں پر نظر ثانی کے عمل کو 20 اگست تک مکمل کرنے بھی خصوصی ہدایت جاری کی ہے۔ ای سی آئی کی ڈائریکٹر شبھرا سکسینہ نے جمعرات کو جموں کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر پی کے پولے سمیت تمام اضلاع کے انتخابی عہدیداروں سے ملاقات کی اور یہ ہدایات جاری کیں۔
ورچوئل موڑ کے ذریعے دو گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں جموں و کشمیر میں الیکشن سے متعلق تیاریوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی گئی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظرثانی کی سرگرمیاں 25 جون سے شروع ہوگئی ہیں جو 24 جولائی تک مکمل ہونے کی توقع ہے جکہ ووٹر لسٹ سے متعلق اعتراضات اور دعوے 25 جولائی سے 9 اگست تک دائر کیے جائیں گے جو 19 اگست تک مکمل کر لئے جائیں گے۔ حتمی ووٹر لسٹ 20 اگست تک جاری کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔
میٹنگ کے دوران کہا گیا پولنگ اسٹیشن کی حدود کے تعین اور ان کی توسیع پر بھی کام کیا جائے گا۔ لوک سبھا انتخابات کے مقابلے میں اسمبلی انتخابات میں پولنگ اسٹیشنوں میں اضافہ ہوگا۔ اس کے لیے 27، 28 جولائی اور 3 اور 4 اگست کو خصوصی کیمپ بھی منعقد کیے جائیں گے۔ ایک انتخابی عہدیدار نے بتایا کہ 12 جولائی کو ای سی آئی سیکریٹری سطح کے عہدیدار، ای آر او کے ساتھ میٹنگ منعقد کریں گے۔
رواں برس عالمی بین الاقوامی یوگا ڈے (21جون کو) سرینگر میں وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرانے اور اسے ریاست کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں آخری مرتبہ اسمبلی انتخابات سال 2014میں منعقد ہوئے اور پی ڈی پی - بی جے پی مخلوط حکومت وجود میں آئی۔ سال 2018میں بی جے پی نے محبوبہ مفتی کی زیر قیادت حکومت سے حمایت واپس لی جس کے بعد یہاں گورنر راج نافذ العمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اب کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کیجیے، سیاست دانوں کا مطالبہ - assembly elections in Kashmir