سرینگر: بارڈر سکیورٹی فورس(بی ایس ایف) کے آئی جی اشوک یادو نے اتوار کے روز کہا کہ بی ایس ایف کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر انسداد دراندازی گرڈ کو مضبوط کیا گیا ہے۔ان باتوں کا اظہار آئی جی بی ایس ایف نے ہمہامہ بڈگام میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف جوان سرحدوں پر مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
آئی جی بی ایس ایف نے کہا کہ 'دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر سرحدوں پر انسداد دراندازی گرڈ کو مضبوط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر بی ایس ایف اہلکار چوبیس گھنٹے اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں اور کسی کو بھی اس طرف آنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: فوجی سربراہ کا جموں دورہ، اکھنور سیکٹر میں فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا
اس سے قبل ہمہامہ بی ایس ایف کیمپ میں آئی جی نے جوانوں کے ساتھ ہولی منائی، جبکہ اس موقع پر ہولی میلے کا بھی انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ ہولی میلے میں مختلف اسٹال بھی لگائے گئے تھے جبکہ مقامی فنکاروں نے دلکش ثقافتی پروگراموں سے سامعین کو محذوز کیا۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں رنگوں کا تہوار ہولی موسم سرما کے خاتمے اور گرم موسم کی ابتدا کے طور پر منایا جاتا ہے۔ شمالی بھارت میں یہ تہوار ہندو دیوتا کرشنا کے رادھا سے پیار کی علامت کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔
(یو این آئی)