اسلام آباد: توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے بعد پاکستان کے سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔
توشہ خانہ کیس ٹو میں ضمانت کے بعد بشریٰ بی بی کے ضمانتی مچلکے اسپیشل جج سینٹرل نے جاری کیے جس کے بعد ان کی رہائی کے احکامات جاری کیے گئے۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز (23 اکتوبر ) کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت دس، دس لاکھ روپے ضمانتی مچلکوں کی عوض منظور کی تھی۔
گزشتہ روز ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے باوجود سینئر اسپیشل جج کی عدم دستیابی اور اسپیشل جج سینٹرل نمبر ٹو کی بھی چھٹی کے باعث گزشتہ روز بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری نہیں ہوسکی تھی۔
اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کردی جس کے بعد ان کو اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا۔
بشریٰ بی بی کے 10 لاکھ روپے مالیت کے ضمانتی مچلکے اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں جمع کروائے گئے۔ اس سے قبل تین بار غلط روبکار بنانے کی وجہ سے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی رہائی تاخیر کا شکار ہوگئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: