بیروت: اسرائیلی جنگی طیاروں نے پیر کو لبنان کے جنوبی شہر غازیہ میں متعدد اہداف پر میزائلوں سے حملہ کیا جس میں 14 افراد زخمی ہوگئے۔ ژنہوا نے منگل کو لبنانی فوجی ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔
غازیہ شہر جو لبنان کے جنوبی شہر صیدا سے ملحق ہے، دارالحکومت بیروت سے تقریباً 45 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے چار فضائی حملے کیے جن میں دو حملوں میں الرائے پرائیویٹ اسپتال کے پیچھے صنعتی علاقے کو نشانہ بنایا گیا جب کہ دو دیگر حملوں میں ایک سپر مارکیٹ کے آس پاس کے علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صنعتی علاقے کو نشانہ بنانے والے دو حملوں میں پاور جنریٹر بنانے والی ایک فیکٹری تباہ ہوگئی جب کہ دوسرے حملے میں ایک ٹائر فیکٹری اور قریبی دس دکانوں کو بری طرح نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق سپر مارکیٹ کے آس پاس کے علاقے میں ہونے والے دو حملے میں لوہا اور ایلومینیم بنانے والی فیکٹری تباہ ہو گئی جب کہ چھ کمرشل اسٹورز کو نقصان پہنچا۔
حملے میں شامی کارکنوں کی پناہ گاہ کو بھی نقصان پہنچا، جس میں 12 افراد زخمی ہوئے۔ لبنان کے فوجی ذرائع کے مطابق حملے سے لگنے والی آگ کو بجھاتے ہوئے شہری دفاع کی ٹیم کے دو ارکان زخمی بھی ہوئے۔
لبنانی سیکورٹی ذرائع کے مطابق، پیر کے روز اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے سرحدی علاقے میں چھ اہداف پر 11 حملے کیے، جس میں چار مکانات تباہ اور 20 دیگر کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے مقبوضہ لبنانی علاقے میں الصمقا، راڈار اور رمتھا کے مقامات سمیت متعدد اسرائیلی ٹھکانوں پر حملے کیے جس سے متعدد جانی نقصان ہوا۔
لبنان اسرائیل سرحد پر 8 اکتوبر 2023 سے کشیدگی بڑھ گئی ہے، جب لبنانی مسلح گروپ حزب اللہ نے اسرائیل پر حماس کی حمایت میں اسرائیل کی جانب درجنوں رکٹ داغے، جس کا جواب اسرائیل نے جنوب مشرقی لبنان میں توپ خانہ فائرکرکے دیا۔
لبنانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جھڑپوں میں 302 لبنانی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں حزب اللہ کے 205 ارکان اور 57 عام شہری شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
- اسرائیلی فضائی حملوں میں ایک ہی دن میں 10 لبنانی شہری ہلاک
- اسرائیلی فوج کی لبنان کے ساتھ سرحدی علاقے میں حملے کے لیے تیاریاں جاری: فوجی کمانڈر
- لبنان نے اسرائیل کے ساتھ تصادم کے درمیان شہریوں کے لیے بین الاقوامی حمایت کا مطالبہ کیا
- اسرائیل کی لبنان میں ٹارگیٹ کلنگ، حزب اللہ کا جنگجو اور ایک خاتون ہلاک
- بیروت میں ہوئے ایک حملے میں حماس کے نائب سیاسی سربراہ صالح عروری ہلاک
- جب تک حزب اللہ موجود ہے جنوبی لبنان ایک جنگی علاقہ ہے: اسرائیلی فوج