یروشلم: فلسطین کے علاقے غرب اردن میں آج منگل کے روز اسرائیلی فوج نے جنین شہر میں قائم ابن سینا اسپتال پر چھاپے کے دوران حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز اور اسلامی جہاد کے عسکری ونگ سرایا القدس کے متعدد اہم رہنماؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔
العربیہ کے مطابق یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب دوسری جانب غزہ میں حماس کے خلاف جاری اسرائیلی جنگ کا چوتھا مہینہ مکمل ہو رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں محمد ایمن الغزاوی بھی شامل ہیں، جنہیں القسام بریگیڈز میں جنین بٹالین کے بانیوں میں شامل کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ابن سینا اسپتال میں چھپے "حماس کے عسکریت پسند سیل" کوختم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری جانب جنوبی غزہ کی پٹی کے شہرخان یونس میں پر تشدد جنگ جاری ہے۔ شمالی غزہ میں بھی میں توپ خانے سے بھاری گولہ باری کی گئی ہے۔
درایں اثناء اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس عطیہ دہندگان کو فلسطین کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کی مدد جاری رکھنے کے لیے قائل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
فلسطینی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ شمالی غزہ میں منگل کے روز توپ خانے سے شدید گولہ باری کی گئی۔ جنوبی غزہ میں ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی ہے تاہم اس کی نوعیت اور اس کےنتیجے میں ہونے والے نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب اسرائیلی حملوں میں جنوبی اور وسطی غزہ کی پٹی کے کئی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ فلسطینی ہلال احمرنے خان یونس میں العمل اسپتال کے آس پاس میں توپ خانے سے شیلنگ کی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان دانیال ہگاری نے کہا کہ "حالیہ ہفتوں میں ہماری فوج نے جنوبی غزہ میں حماس کے دارالحکومت خان یونس پر توجہ مرکوز کی ہے‘‘۔ ان کا کہنا ہے کہ خان یونس شہر میں دو ہزار سے زیادہ دہشت گردوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم ایک ہی وقت میں زمین کے نیچے اور باہر کام کر رہے ہیں۔ یہ ایک نیا طریقہ ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شامل ہے، جس میں سے کچھ کو پہلی بار استعمال کیا جا رہا ہے"۔
دوسری جانب اردن میں ایک ڈرون حملے میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد تنازعہ کے علاقائی سطح پر پھیلنے کے خدشات میں امریکہ نے ایران کے وفادار گروپوں پر الزام لگایا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ نے پیر کی شام کہا تھا کہ غزہ میں تعینات اسرائیلی فوجی "شمال (ملک کے) کی طرف بڑھ رہے ہیں اور آگے کی تیاری کررہے ہیں‘‘۔
سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی میزائلوں نے رات کے وقت "لبنانی حزب اللہ اور ایرانی پاسداران انقلاب کے اڈے" کو نشانہ بنایا، جس میں دمشق کے نواحی علاقے میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
فلسطینی محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق زیادہ تر فلسطینی انکلیو تباہ ہو گیا ہے اور 26,000 سے زیادہ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے فضائی اور زمینی حملے شروع کرنے کے بعد سے شرقِ اوسط میں کشیدگی بڑھ گئی ہے اور یمن کی ایرانی حمایت یافتہ حوثی افواج نے بحیرۂ احمر میں امریکی اور دیگر اہداف پر حملوں میں عالمی جہاز رانی کو متأثر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: